پاکستاناہم خبریں

سکیورٹی فورسز کی خیبر پختونخوا میں دو مختلف کارروائیاں، 13 خوارج ہلاک

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں ممکنہ طور پر موجود دیگر بھارتی حمایت یافتہ خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن تاحال جاری ہیں

سید عاطف ندیم-پاکستان،وائس آف جرمنی اردو نیوز کے ساتھ
راولپنڈی: سکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کے خلاف مؤثر کارروائیاں کرتے ہوئے 13 اور 14 جنوری 2026 کو دو الگ الگ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے 13 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ یہ کارروائیاں صوبے کے اضلاع بنوں اور کرم میں کی گئیں، جہاں دہشت گرد عناصر کی موجودگی کی مصدقہ اطلاعات موصول ہوئی تھیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بنوں ضلع میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر سکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو انتہائی مہارت اور پیشہ ورانہ انداز میں نشانہ بنایا گیا۔ کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں آٹھ خوارج مارے گئے۔ علاقے میں سرچ اور کلیئرنس آپریشن مکمل کر کے دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو ناکام بنایا گیا۔
اسی طرح ضلع کرم میں ایک اور انٹیلی جنس پر مبنی کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز نے دہشت گرد عناصر کے خلاف کامیاب آپریشن کرتے ہوئے پانچ خوارج کو جہنم واصل کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں ممکنہ طور پر موجود دیگر بھارتی حمایت یافتہ خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن تاحال جاری ہیں تاکہ کسی بھی قسم کے خطرے کا مکمل طور پر سدباب کیا جا سکے۔
آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں واضح کیا ہے کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ قومی ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی سے منظور شدہ وژن “عزمِ استحکام” کے مطابق پاک فوج اور تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے مشترکہ طور پر غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
بیان کے مطابق سکیورٹی فورسز کی یہ کارروائیاں اس عزم کی عکاسی کرتی ہیں کہ پاکستان کے دشمن عناصر کو کسی صورت ملک کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ مشکوک سرگرمیوں کی بروقت اطلاع دے کر سکیورٹی اداروں سے تعاون جاری رکھیں تاکہ ملک میں پائیدار امن قائم رکھا جا سکے۔
آخر میں آئی ایس پی آر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک انسدادِ دہشت گردی کی مہم پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گی اور سکیورٹی فورسز ہر قیمت پر قومی سلامتی کا دفاع کریں گی۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button