اہم خبریںتازہ ترین

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ٹرانسپورٹ وژن 2030 کے تحت بڑی پیش رفت، پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی میں جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر قائم

اس جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے قیام کا مقصد صوبے بھر میں بس آپریشنز کی مکمل مانیٹرنگ کو یقینی بنانا ہے،

سید عاطف ندیم-پاکستان،وائس آف جرمنی اردو نیوز کے ساتھ
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ٹرانسپورٹ وژن 2030 کے تحت صوبے کے عوام کو جدید، محفوظ اور معیاری سفری سہولیات فراہم کرنے کی جانب ایک اہم سنگِ میل عبور کر لیا گیا ہے۔ اس وژن کے تحت پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی کے ہیڈکوارٹرز میں جدید طرز کا کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر قائم کر دیا گیا ہے، جس کے ذریعے صوبہ بھر میں ٹرانسپورٹ سرگرمیوں کی مؤثر، بروقت اور ہمہ وقت نگرانی ممکن ہو سکے گی۔
اس جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے قیام کا مقصد صوبے بھر میں بس آپریشنز کی مکمل مانیٹرنگ کو یقینی بنانا ہے، تاکہ سفری سہولیات کے معیار کو بہتر بنایا جا سکے، مسافروں کی حفاظت میں اضافہ ہو اور ٹرانسپورٹ نظام میں شفافیت اور نظم و ضبط کو فروغ دیا جا سکے۔ حکام کے مطابق یہ مرکز جدید ٹیکنالوجی سے لیس ہے، جس کے ذریعے بسوں کی لوکیشن، رفتار، شیڈول کی پابندی اور آپریشنل کارکردگی پر مسلسل نظر رکھی جا سکے گی۔
اس موقع پر پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی کی چیف ایگزیکٹو آفیسر کوثر خان نے کہا کہ عوام کو محفوظ، آرام دہ اور معیاری سفری سہولیات کی فراہمی پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق ٹرانسپورٹ کے شعبے میں اصلاحات کا عمل تیزی سے جاری ہے تاکہ شہریوں کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ سفری نظام فراہم کیا جا سکے۔
سی ای او کوثر خان نے بتایا کہ پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی کے تحت صوبہ بھر میں بین الاقوامی معیار کی الیکٹرک بس سروس کا کامیاب آغاز کیا جا چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ الیکٹرک بسیں نہ صرف جدید سہولیات سے آراستہ ہیں بلکہ ماحول دوست اور پائیدار ٹرانسپورٹ نظام کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کر رہی ہیں، جس سے ماحولیاتی آلودگی میں کمی آئے گی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایات پر بزرگ شہریوں اور طلبہ کے لیے بس سروس مکمل طور پر مفت فراہم کی جا رہی ہے، تاکہ معاشرے کے کمزور اور اہم طبقات کو زیادہ سے زیادہ سہولت دی جا سکے۔ اس کے علاوہ عام شہریوں کی سہولت کے لیے بس کا کرایہ صرف 20 روپے مقرر کیا گیا ہے، جس کا مقصد سستی اور معیاری سفری سہولیات کو ہر فرد کی پہنچ میں لانا ہے۔
سی ای او کا کہنا تھا کہ ٹرانسپورٹ وژن 2030 کے تحت پنجاب میں ایک ایسا جدید شہری سفری نظام تشکیل دیا جا رہا ہے جو مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہو۔ انہوں نے کہا کہ اس وژن کے تحت ٹیکنالوجی کے استعمال، مسافروں کے تحفظ، ماحول دوست ذرائع اور آپریشنل شفافیت کو بنیادی ستون بنایا گیا ہے۔
پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی کے حکام کے مطابق کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر نہ صرف روزمرہ آپریشنز کی نگرانی میں مدد دے گا بلکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری ردِعمل کو بھی ممکن بنائے گا، جس سے مسافروں کے اعتماد میں مزید اضافہ ہوگا۔
حکام نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی عوامی فلاح کے اس مشن کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے، تاکہ صوبے بھر میں ٹرانسپورٹ کا نظام جدید خطوط پر استوار کیا جا سکے اور عوام کو محفوظ، باوقار اور معیاری سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button