تازہ تریناہم خبریں

سوفٹ میموریل پریسبیٹیرین چرچ گوجرانوالہ میں ضلعی انتظامیہ کے اعزاز میں تقریب

ریورنڈ ڈاکٹر مجید ایبل نے کمشنر گوجرانوالہ سید نوید شیرازی اور دیگر کو خصوصی شیلڈز سے نوازا ،تقریب میں امن و امان کے قیام پر سول انتظامیہ اور پولیس کی مثالی خدمات کا اعتراف

جعفر محمود شیخ-پاکستان،وائس آف جرمنی اردو نیوز کے ساتھ
کرسمس اور دیگر مذہبی مواقع کے دوران امن و امان اور بین المذاہب ہم آہنگی کو یقینی بنانے میں سول انتظامیہ اور پولیس کی مثالی خدمات کے اعتراف میں سوئفٹ میموریل چرچ، گوجرانوالہ میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن سید نوید حیدر شیرازی، ضلعی انتظامیہ کے اعلیٰ افسران اور پولیس حکام کو انکی شاندار خدمات پر خصوصی شیلڈز سے نوازا گیا جبکہ مفتی عاشق حسین، مولانا عاصم مخدوم، پادری عارف مسیح سراج، پروفیسر شہزاد لارنس، متعلقہ پولیس افسران اور مسیحی کمیونٹی کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔
ریورنڈ ڈاکٹر مجید ایبل نے تقریب کی نظامت کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ کرسمس سمیت دیگر مذہبی تہواروں پر پرامن ماحول کی فراہمی سول انتظامیہ اور پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ انہوں نے مسیحی کمیونٹی کی جانب سے پنجاب حکومت بالخصوص وزیراعلی پنجاب مریم نواز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ بھر میں مذہبی اقلیتوں کے تحفظ اور دیگر سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جارہے ہیں جبکہ مذہبی تہواروں پر فول پروف سکیورٹی مہیا کرنا ، پنجاب حکومت کی سنجیدگی کا مظہر ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر گوجرانوالہ سید نوید حیدر شیرازی نے کہا کہ مسیحی کمیونٹی نے پاکستان کی تعمیر و ترقی، تعلیم، صحت اور سماجی شعبوں میں گراں قدر خدمات سرانجام دی ہیں، جو قابلِ تحسین ہیں۔ مذہبی ہم آہنگی اور باہمی احترام ہی ایک پُرامن اور مضبوط معاشرے کی بنیاد ہے۔ ضلعی انتظامیہ اور پولیس تمام مذاہب کے ماننے والوں کے جان و مال اور عبادت گاہوں کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور انہیں مساوی مواقع فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے اور مستقبل میں بھی ایسے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دیگر مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ معاشرے میں امن، رواداری اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی اور نفرت و تعصب کے خاتمے کے لیے بین المذاہب مکالمے کو مزید فروغ دیا جائے گا۔ تقریب کے اختتام پر ملکی سلامتی، اتحاد اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button