
سید عاطف ندیم-پاکستان،وائس آف جرمنی اردو نیوز کے ساتھ
چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے کہا ہے کہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری منصوبوں میں رفتار، معیار اور شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور کام میں کسی بھی قسم کی غفلت یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز ملتان کے تفصیلی دورے کے موقع پر مختلف ترقیاتی سکیموں کے معائنے کے دوران کیا۔ چیف سیکرٹری نے برانڈ روڈ گلگشت، ملتان ایونیو اور قلعہ کہنہ قاسم باغ پر جاری "والڈ سٹی پراجیکٹ” کے کاموں کا جائزہ لیا۔
چیف سیکرٹری نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ان منصوبوں سے عوام کو براہ راست فائدہ پہنچانے کے لیے اقدامات تیز کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام شہری سہولیات کی بہتری کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا۔ والڈ سٹی پراجیکٹ کے معائنے کے دوران چیف سیکرٹری نے تاریخی مقام "دمدمہ” کی اپ گریڈیشن اور فصیل کی اصل شناخت بحال کرنے کا حکم دیا۔
کمشنر اور ڈپٹی کمشنر ملتان نے چیف سیکرٹری کو بریفنگ دی۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ والڈ سٹی پراجیکٹ میں عالمی معیار کا جدید میوزیم اور ثقافتی ورثے کے تحفظ کے منصوبے شامل ہیں جن سے ملتان کی صدیوں پر محیط تاریخ عالمی سطح پر اجاگر ہوگی اور مقامی معیشت و سیاحت کو فروغ ملے گا۔
ڈپٹی کمشنر ملتان نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ملتان ایونیو منصوبہ نہ صرف شہر کی خوبصورتی میں اضافہ کرے گا بلکہ یہ شہریوں کے لیے ایک جدید تجارتی مرکز کے طور پر بھی ابھرے گا جس سے کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔ اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب اور آر پی او ملتان بھی موجود تھے۔



