پاکستان پریس ریلیزتازہ ترین

خیبر پختونخوا کے مختلف تعلیمی اداروں سے تعلق رکھنے والے طلباء کا قلعہ بالاحصار کا دورہ، قومی سلامتی اور تاریخ سے آگاہی

بریفنگ میں بتایا گیا کہ کس طرح سکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں، سرحدی تحفظ اور امن و استحکام کے قیام میں اہم کردار ادا کیا ہے

سید عاطف ندیم-پاکستان،وائس آف جرمنی اردو نیوز کے ساتھ
خیبر پختونخوا کے مختلف مدارس، اسکولوں اور جامعات سے تعلق رکھنے والے طلباء کے لیے تاریخی قلعہ بالاحصار کا ایک خصوصی مطالعاتی و آگاہی دورہ منعقد کیا گیا۔ اس دورے کا اہتمام فرنٹیئر کور خیبر پختونخوا نارتھ کی جانب سے کیا گیا، جس کا مقصد نوجوان نسل کو قومی سلامتی، ملکی تاریخ اور پاک فوج کے کردار سے آگاہ کرنا تھا۔

دورے کے دوران طلباء نے قلعہ بالاحصار کے مختلف حصوں کا تفصیلی مشاہدہ کیا اور اس قلعے کی تاریخی، دفاعی اور تہذیبی اہمیت کے بارے میں جامع معلومات حاصل کیں۔ طلباء کو بتایا گیا کہ قلعہ بالاحصار نہ صرف پشاور بلکہ پورے خطے کی تاریخ میں ایک نمایاں مقام رکھتا ہے اور مختلف ادوار میں دفاعی حکمتِ عملی کے لیے مرکزی حیثیت کا حامل رہا ہے۔
اس موقع پر طلباء کو پاک فوج اور فرنٹیئر کور کے کردار، فرائض اور قربانیوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ کس طرح سکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں، سرحدی تحفظ اور امن و استحکام کے قیام میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ طلباء کو یہ بھی آگاہ کیا گیا کہ امن کے قیام کے لیے افواجِ پاکستان نے کس قدر جانی و مالی قربانیاں دی ہیں۔
دورے کے دوران شرکاء نے یادگارِ شہداء پر حاضری دی اور وہاں پھولوں کی چادر چڑھاتے ہوئے وطن کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ طلباء نے شہداء کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ملک کی خدمت اور ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔
بعد ازاں طلباء نے فرنٹیئر کور کے میوزیم کا بھی دورہ کیا، جہاں انہیں ایف سی کی شاندار تاریخ، مختلف آپریشنز، قربانیوں اور کامیابیوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ میوزیم میں موجود تصاویر، دستاویزات اور تاریخی نوادرات نے طلباء کی دلچسپی کو مزید بڑھایا اور انہیں فورس کی خدمات سے قریب سے روشناس کرایا۔
دورے کے اختتام پر سوال و جواب کی خصوصی نشست کا انعقاد کیا گیا، جس میں آئی جی فرنٹیئر کور خیبر پختونخوا نارتھ نے طلباء کے مختلف موضوعات پر پوچھے گئے سوالات کے تسلی بخش اور مدلل جوابات دیے۔ طلباء نے قومی سلامتی، سرحدی تحفظ، نوجوانوں کے کردار اور مستقبل کے چیلنجز سے متعلق سوالات کیے، جن پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
اس موقع پر شرکاء نے فرنٹیئر کور کی بے مثال قربانیوں اور خدمات کو بھرپور انداز میں سراہا اور اس مثبت، معلوماتی اور قابلِ تحسین اقدام پر فرنٹیئر کور خیبر پختونخوا نارتھ کا شکریہ ادا کیا۔ طلباء کا کہنا تھا کہ ایسے دورے نوجوان نسل میں حب الوطنی، شعور اور ذمہ داری کا احساس اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button