
صوبائی وزیر قانون رانا محمد اقبال خان کی محی الدین اسلامک یونیورسٹی نیریاں شریف میرپور کیمپس اورمیڈیکل کالج کے سالانہ کانووکیشن میں شرکت
کانووکیشن کی صدارت چانسلر محی الدین اسلامک یونیورسٹی و میڈیکل کالج علامہ ڈاکٹر پیر سلطان العارفین صدیقی الازہری نے کی،سابق صدرآزادکشمیر سردار مسعود خان، سابق وزیراعظم عبدالقیوم نیازی، وائس چانسلر لیفٹیننٹ جنرل(ر) آصف ممتاز سکھیرا کی بھی شرکت
ناصف اعوان-پاکستان، پنجاب گورنمنٹ کے ساتھ
پنجاب کے وزیر قانون رانا محمد اقبال خان نے کہا کہ نجی شعبہ میں محی الدین اسلامک یونیورسٹی و میڈیکل کالج، ٹیچنگ ہسپتال اور دیگر دینی خدمات پر ممتاز روحانی و علمی شخصیت شیخ العالم پیر علاؤالدین صدیقی اور علامہ پیر سلطان العارفین صدیقی الازہری کی دینی و دنیاوی خدمات کو جنتا بھی خراج تحسین پیش کیا جائے کم ہے۔انہوں نے اس ادارہ سے فارغ التحصیل ہونے والے طلبہ و طالبات کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے ملک کے ساتھ بیرون ممالک میں بھی اپنی پیشہ وارانہ خدمات سرانجام دیکر ملک و قوم کا نام روشن کریں گے۔ بھارت کے زیر قبضہ مقبوضہ ریاست جموں و کشمیر میں بھارت کی طرف سے نہتے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ بھارت کی کشمیریوں پرجو انتہا پسندی کاسلسلہ شروع کررکھاہے اسے اس کا ضرور بدلہ ملے گا اور وہ دن دور نہیں جب مقبوضہ ریاست جموں و کشمیر آزاد ہوکر پاکستان کا حصہ بنے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے محی الدین اسلامک یونیورسٹی نیریاں شریف میرپور کیمپس اورمیڈیکل کالج کے سالانہ کانووکیشن سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانووکیشن کی صدارت چانسلر محی الدین اسلامک یونیورسٹی و میڈیکل کالج علامہ ڈاکٹر پیر سلطان العارفین صدیقی الازہری نے کی جبکہ تقریب سے سابق صدرآزادکشمیر سردار مسعود خان، سابق وزیراعظم عبدالقیوم نیازی، وائس چانسلر لیفٹیننٹ جنرل(ر) آصف ممتاز سکھیرانے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر چانسلر محی الدین اسلامک یونیورسٹی و میڈیکل کالج علامہ ڈاکٹر پیر سلطان العارفین صدیقی الازہری نے ایم بی بی ایس،نرسنگ، فارمیسی، پیرامیڈیکل سمیت دیگرمیڈیکل کے کورسزمکمل کرنے والے طلباء وطالبات میں میڈلز،ڈگریاں تقسیم کیں۔کانووکیشن کی رنگا رنگ تقریب میں حمد ونعت کے بعد پاکستان اور آزاد کشمیر کے قومی ترانے پیش کیے گئے۔تقریب میں سیاسی،سماجی اورمذہبی شخصیات،طلباء وطالبات کے والدین اورسول سوسائٹی کی شخصیات نے بھرپورشرکت کی۔
چانسلر محی الدین اسلامک یونیورسٹی و میڈیکل کالج علامہ ڈاکٹر پیر سلطان العارفین صدیقی الازہری نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ دنیامیں جتنے بھی علوم کاظہورہورہاہے اس کاذکرقرآن مجید میں 1400 سال پہلے آیاہے۔ انھوں نے کہاکہ ہمیں روایتی اور حقایتی ماحول سے نکل کرقرآن وحدیث کے تمام تقاضے پورے کرتے ہوئے انسانیت کی خدمت خلق کرناہوگی۔شعبہ طب دکھی انسانیت کی خدمت کاپیشہ ہے اس پیشہ سے وابستہ ہرفرد پرذمہ داری ہے کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ خدمات کی ادائیگی میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ کرے۔انھوں نے کہاکہ ملک اور ملت اور حکومت کے اعلیٰ عہدوں تک ترقی کے لیے ضروری ہے کہ ہرفرد کواعلیٰ تعلیم حاصل کرنی چاہیے،علم کے بغیرملک اور قوم ترقی نہیں کرسکتے۔انھوں نے کہاکہ مصر کی اسمبلی میں پی ایچ ڈی کاحامل ہی ممبراسمبلی بن سکتاہے۔انہوں نے کہاکہ اس طرح کی روایت پاکستان اور آزادکشمیرمیں بھی ہونی چاہیے تاکہ پاکستان ترقی کی دوڑ میں دنیاکی سپرپاور بنے۔ انہوں نے میڈیکل سے فارغ ہونے والے طلباء وطالبات سے توقع کی کہ وہ عملی میدان میں انسانیت کی خدمت کواپناشعاربنائیں گے اور دکھی انسانیت کی خدمت کے سفرکوبغیررنگ ونسل جاری رکھیں گے۔




