
جہلم: عیدالفطر کے موقع پر ڈسٹرکٹ جیل میں قیدیوں کے لیے فلاحی تقریب، 300 قیدیوں میں عیدی تقسیم
تقریب کے دوران ٹرسٹ کے چیئرمین حاجی چوہدری ٹکا خان اور سماجی شخصیت حسن بٹ کی جانب سے تقریباً 300 قیدیوں میں کپڑوں کے جوڑے بطور عیدی تقسیم کیے گئے۔
جہلم (نمائندہ خصوصی) عیدالفطر کی خوشیوں میں قیدیوں کو شریک کرنے کے لیے فلاحی تنظیم گلزارِ مدینہ ویلفیئر ٹرسٹ جرمنی کے زیر اہتمام ڈسٹرکٹ جیل جہلم میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں قیدیوں کے لیے عید کی خوشیاں بانٹنے اور انہیں معاشرے کا مثبت حصہ بنانے کے پیغام کو اجاگر کیا گیا۔ تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی اور فلاحی سرگرمیوں کو سراہا۔
تقریب کے دوران ٹرسٹ کے چیئرمین حاجی چوہدری ٹکا خان اور سماجی شخصیت حسن بٹ کی جانب سے تقریباً 300 قیدیوں میں کپڑوں کے جوڑے بطور عیدی تقسیم کیے گئے۔ اس موقع پر قیدیوں میں خوشی اور مسرت کی لہر دوڑ گئی اور انہوں نے اس جذبۂ ہمدردی پر ٹرسٹ کے ذمہ داران کا شکریہ ادا کیا۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن تھے جبکہ سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل یاسر خان نے معزز مہمانوں کا استقبال کیا۔ تقریب میں معروف سماجی شخصیت حسن بٹ، ڈی او لٹریسی میمونہ انجم اور سینئر صحافی محمد راحیل خلیل سمیت دیگر معززین بھی شریک ہوئے۔ شرکاء نے قیدیوں سے ملاقات کی اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے جاری اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
اس موقع پر ٹرسٹ کے نمائندگان نے بتایا کہ گلزارِ مدینہ ویلفیئر ٹرسٹ اس سے قبل بھی ڈسٹرکٹ جیل جہلم میں متعدد فلاحی منصوبے مکمل کر چکا ہے۔ ان منصوبوں میں جیل میں واٹر پمپ کی تنصیب، 25 سیلنگ اور ایگزاسٹ فین کی فراہمی، خواتین قیدیوں کے لیے علیحدہ ملاقات شیڈ کی تعمیر اور قیدیوں کے لیے 25 بینچز کی تنصیب شامل ہیں۔ ان اقدامات کا مقصد جیل میں قیدیوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنا اور ان کے لیے انسانی ہمدردی کے تقاضوں کے مطابق ماحول مہیا کرنا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے کہا کہ معاشرے کے مخیر حضرات کی جانب سے جیلوں میں فلاحی کاموں میں حصہ لینا ایک قابلِ تحسین عمل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے اقدامات نہ صرف قیدیوں کی زندگی میں مثبت تبدیلی لانے میں مدد دیتے ہیں بلکہ ان کی اصلاح اور معاشرے میں دوبارہ بہتر انداز میں شامل ہونے کے امکانات کو بھی مضبوط بناتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جیل اصلاحات اور قیدیوں کی فلاح کے لیے سرکاری اداروں کے ساتھ ساتھ سماجی تنظیموں کا کردار بھی انتہائی اہم ہے۔ اگر معاشرہ مل کر ایسے اقدامات کو فروغ دے تو قیدیوں کی بحالی کے عمل کو مزید موثر بنایا جا سکتا ہے۔
اس موقع پر سپرنٹنڈنٹ جیل یاسر خان نے گلزارِ مدینہ ویلفیئر ٹرسٹ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ جیل انتظامیہ قیدیوں کی فلاح اور بہتری کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے، تاہم سماجی تنظیموں کی معاونت سے ان سرگرمیوں کو مزید وسعت دی جا سکتی ہے۔
تقریب کے شرکاء نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عید جیسے خوشی کے موقع پر قیدیوں کو یاد رکھنا ایک بڑا انسانی جذبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات معاشرے میں ہمدردی، بھائی چارے اور انسانیت کے فروغ کا سبب بنتے ہیں اور قیدیوں کو یہ احساس دلاتے ہیں کہ وہ بھی معاشرے کا حصہ ہیں۔
آخر میں ٹرسٹ کے نمائندگان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ گلزارِ مدینہ ویلفیئر ٹرسٹ مستقبل میں بھی قیدیوں کی فلاح و بہبود کے لیے اپنی خدمات جاری رکھے گا اور جیل مینوئل کے مطابق سہولیات کی فراہمی میں جیل انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گا تاکہ انسانیت کی خدمت کا یہ سلسلہ مسلسل جاری رہے۔




