
وزیرداخلہ محسن نقوی کی کراچی سے عراق تک فیری سروس چلانے کی فزیبلٹی تیار کرنے کی ہدایت
شہداء نے ساحلی علاقوں کے تحفظ کے لیے لازوال قربانیاں دی ہیں جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا,وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی
سید عاطف ندیم-پاکستان،وائس آف جرمنی اردو نیوز
کراچی: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نےنے کراچی سے عراق تک فیری سروس چلانے کی فزیبلٹی تیار کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہےکہ اس سے زائرین کو سفر میں بڑی سہولت ملے گی۔ انہوں نے انسدادِ منشیات اور انسدادِ اسمگلنگ کے لیے کارروائیاں مزید تیز کرنے کی ہدایت بھی کی ۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاکستان کوسٹ گارڈز کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ایک خصوصی اجلاس کی صدارت کی۔ اس موقع پر پاکستان کوسٹ گارڈز کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل جواد ریاض نے ان کا استقبال کیا۔
وزیر داخلہ نے ہیڈ کوارٹر میں یادگارِ شہداء پر حاضری دی، پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔ انہوں نے پاکستان کوسٹ گارڈز کے شہداء کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء نے ساحلی علاقوں کے تحفظ کے لیے لازوال قربانیاں دی ہیں جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
دورے کے دوران وزیر داخلہ کو پاکستان کوسٹ گارڈز کی پیشہ ورانہ تربیت اور آپریشنل تیاریوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران 14 ہزار کلوگرام منشیات ضبط کی گئیں جن کی مالیت 8 ارب روپے سے زائد ہے۔ محسن نقوی نے فورس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔
محسن نقوی نے کراچی سے عراق تک فیری سروس چلانے کی فزیبلٹی تیار کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اس سے زائرین کو سفر میں بڑی سہولت ملے گی۔ انہوں نے انسدادِ منشیات اور انسدادِ اسمگلنگ کے لیے کارروائیاں مزید تیز کرنے کی ہدایت بھی کی اور کہا کہ اسمگلنگ مافیا کے خلاف تمام تر توانائیاں بروئے کار لائی جائیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کوسٹ گارڈز ایک ایسی فورس ہے جو زمین اور سمندر دونوں محاذوں پر بیک وقت اپنے فرائض سرانجام دیتی ہے اور نہ صرف امن بلکہ کسی بھی ہنگامی یا جنگی صورتحال میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔ وزیر داخلہ نے یقین دہانی کرائی کہ پاکستان کوسٹ گارڈز کو مزید فعال اور مضبوط بنانے کے لیے ہر ممکن وسائل فراہم کیے جائیں گے۔
اس موقع پر وزیر داخلہ کو پسنی سیف سٹی پراجیکٹ کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی جبکہ اجلاس کے اختتام پر شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی گئی۔



