پہلگام واقعہ: پاکستان نے بھارتی الزامات کو سختی سے مستردکردیا،ذمہ دارانہ رویے کا مطالبہ
ترجمان دفترخارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہاگیاہے کہ بھارت علاقائی کشیدگی کے باوجود داخلی سیاسی مقاصد کے لیے جھوٹے بیانیے کو ہوا دے رہا ہے
سید عاطف ندیم-پاکستان،وائس آف جرمنی اردو نیوز
اسلام آباد:پاکستان نے پہلگام واقعے کو پاکستان سے جوڑنے کی بھارتی کوششوں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے سختی سے مسترد کر دیا ہے۔ترجمان دفترخارجہ نے کہاہے کہ ایک ایسے وقت میں جب پاکستان اپنے بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر خطے اور دنیا میں امن و سلامتی کے لیے سفارتی کوششیں کر رہا ہے، بھارت کا پروپیگنڈا مہم چلانا افسوسناک ہے۔
ترجمان دفترخارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہاگیاہے کہ بھارت علاقائی کشیدگی کے باوجود داخلی سیاسی مقاصد کے لیے جھوٹے بیانیے کو ہوا دے رہا ہے۔ گزشتہ سال “آپریشن بنیان المرصوص” کی صورت میں مؤثر جواب ملنے کے بعد بھارت ایک بار پھر الزامات کے ذریعے حقائق سے توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہا ہے۔
ترجمان دفترِ خارجہ نے کہا کہ ایسے ہتھکنڈے عالمی برادری کی توجہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کے غیر قانونی اقدامات اور کشمیری عوام کو حقِ خودارادیت سے محروم رکھنے سے نہیں ہٹا سکتے، جو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے خلاف ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ بھارت اشتعال انگیز بیانات، جارحانہ حکمت عملی اور سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے جیسے یکطرفہ اقدامات سے خطے کے امن کو نقصان پہنچا رہا ہے۔
پاکستان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھارت کو ذمہ دارانہ رویہ اختیار کرنے اور ایسے اقدامات سے گریز کرنے کی تلقین کرے جو علاقائی اور عالمی امن کی کوششوں کو متاثر کر سکتے ہیں۔



