خیبرپختونخوا کے عوام نے فتنہ الخوارج کا بیانیہ مسترد کر دیا
انہوں نے اپنے بیٹے کو واپس لانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی، رشتہ داروں اور اہل خانہ کو بھی اس کے پیچھے بھیجا گیا، تاہم وہ واپس نہ آیا۔
سید عاطف ندیم-پاکستان،وائس آف جرمنی اردو نیوز
خیبرپختونخوا میں فتنہ الخوارج کے خلاف عوامی ردعمل میں شدت آ گئی ہے۔ ضلع بنوں کے رہائشی اقبال وزیر نے اپنے دہشتگرد بیٹے خارجی شاکر اللہ سے سرعام لاتعلقی کا اعلان کرتے ہوئے پاک فوج اور ریاستی اداروں کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔
بنوں پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خارجی شاکر اللہ کے والد اقبال وزیر نے کہا کہ ان کے بیٹے کے اچھے یا برے اعمال اور ریاست مخالف سرگرمیوں سے خاندان کا کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ خارجی شاکر اللہ تقریباً چھ ماہ قبل گھر چھوڑ کر چلا گیا تھا اور بعد ازاں ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہو گیا۔
اقبال وزیر کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے بیٹے کو واپس لانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی، رشتہ داروں اور اہل خانہ کو بھی اس کے پیچھے بھیجا گیا، تاہم وہ واپس نہ آیا۔
انہوں نے کہا کہ ان کا خاندان ریاستی اداروں، پاک فوج اور حکومتِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا ہے اور ہر قسم کے تعاون کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔
خیبرپختونخوا میں فتنہ الخوارج کے خلاف عوامی نفرت میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے جبکہ مبینہ طور پر ان کا ریاست مخالف بیانیہ عوام میں اپنی حمایت کھو چکا ہے۔



