سید عاطف ندیم-پاکستان،وائس آف جرمنی اردو نیوز
اسلام آباد: پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کے موقع پر ایک اہم پیش رفت کے طور پر وزیراعظم محمد شہباز شریف سے چین کی نیشنل پیپلز کانگریس (این پی سی) کی اسٹینڈنگ کمیٹی کے نائب چیئرمین Tsai Dafeng کی قیادت میں اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی۔ یہ وفد پاکستان اور چین کے درمیان جاری سالگرہ تقریبات میں شرکت کے لیے پاکستان کے دورے پر ہے۔
ملاقات میں پاکستان کی اعلیٰ سیاسی و سفارتی قیادت بھی شریک تھی، جن میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ شامل تھے۔
پاک چین تعلقات پر اعتماد اور اسٹریٹجک شراکت داری کا اعادہ
وزیراعظم شہباز شریف نے چینی وفد کا پرتپاک خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان اور چین کے درمیان تاریخی اور اسٹریٹجک تعلقات کو خطے میں ایک منفرد اور مثالی شراکت داری قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 75 برسوں میں دونوں ممالک نے باہمی اعتماد، احترام اور علاقائی و عالمی امور پر قریبی ہم آہنگی کی بنیاد پر مضبوط تعلقات قائم کیے ہیں۔
وزیراعظم نے چین کی قیادت—صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی چیانگ—اور چینی عوام کو سفارتی تعلقات کی سالگرہ پر مبارکباد پیش کی اور چین کے بنیادی قومی مفادات کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے چین کی مسلسل حمایت کو بھی سراہا۔
سی پیک کو خطے کی ترقی کے لیے "گیم چینجر” قرار
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے چین پاکستان اقتصادی راہداری (CPEC) کو پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے ایک “گیم چینجر” منصوبہ قرار دیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سی پیک کے اگلے مرحلے میں زراعت، آئی ٹی، صنعت اور معدنیات جیسے اہم شعبوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی تاکہ معاشی ترقی کو مزید تیز کیا جا سکے۔
وزیراعظم نے اپنے آئندہ دورۂ چین کے حوالے سے امید ظاہر کی کہ اس سے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے نئے دروازے کھلیں گے۔
علاقائی امن و استحکام پر مشترکہ مؤقف
علاقائی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے جنوبی ایشیا اور مشرقِ وسطیٰ میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے چین کے تعمیری کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان علاقائی ہم آہنگی اور کثیرالجہتی تعاون کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔
چین کی جانب سے پاکستان کے کردار کی حمایت
نائب چیئرمین Tsai Dafeng نے وزیراعظم کی جانب سے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ چین پاکستان کے ساتھ “مشترکہ مستقبل کی حامل برادری” کی تعمیر کے لیے قریبی تعاون جاری رکھے گا۔ ساتھ ہی انہوں نے علاقائی امن کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے عالمی استحکام کے لیے چین کے عزم کو دہرایا۔
دوستی کا آہنی رشتہ
دونوں جانب نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان اور چین کے درمیان “آہنی بھائی چارہ” نہ صرف دونوں ممالک بلکہ پورے خطے میں امن، ترقی اور استحکام کا اہم ستون ہے، جو مستقبل میں مزید مضبوط اور وسعت اختیار کرے گا۔



