پاکستان پریس ریلیزاہم خبریں

پاکستان میں پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کی ملتان ڈویژن میں بڑی کارروائی

تعلیمی اداروں میں منشیات سپلائی کرنے والوں کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے گی اور کسی بھی عنصر کو نوجوان نسل کا مستقبل تباہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی,مظہر اقبال

سید عاطف ندیم-پاکستان،وائس آف جرمنی اردو نیوز، انٹی نارکوٹکس ترجمان کے ساتھ
پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس نے منشیات فروشوں کے خلاف ایک بڑی اور کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ملتان ڈویژن میں بین الصوبائی منشیات اسمگلنگ نیٹ ورک کو بے نقاب کر دیا۔ خفیہ اطلاع پر مسلسل 96 گھنٹے جاری رہنے والے خصوصی آپریشن کے دوران دو اہم سمگلروں کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے کروڑوں روپے مالیت کی آئس اور اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔

حکام کے مطابق کارروائی شیر شاہ ٹول پلازہ کے قریب کی گئی جہاں کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کی خصوصی ٹیموں نے سرچ آپریشن کے دوران ملزمان افتخار احمد اور شبیر احمد کو گرفتار کیا۔
ترجمان کے مطابق ملزمان کے قبضے سے تقریباً 16 کلو گرام اعلیٰ معیار کی آئس برآمد ہوئی جس کی بین الاقوامی مارکیٹ میں مالیت تقریباً 4 کروڑ 80 لاکھ روپے بتائی جا رہی ہے۔ کارروائی کے دوران ایک 44 بور رائفل اور 10 راؤنڈ بھی برآمد کیے گئے، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ ملزمان نہ صرف منشیات اسمگلنگ بلکہ مسلح نیٹ ورک کے ذریعے اپنے کاروبار کو تحفظ فراہم کر رہے تھے۔
ابتدائی تفتیش میں اہم انکشافات سامنے آئے ہیں۔ گرفتار ملزمان نے دورانِ تفتیش اپنے سپلائر اور نیٹ ورک کے مرکزی کردار محمد یاسین کے بارے میں معلومات فراہم کیں، جس کے بعد کاؤنٹر نارکوٹکس فورس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اسے بھی گرفتار کر لیا۔
تحقیقاتی حکام کے مطابق ملزم محمد یاسین پنجاب کے مختلف شہروں میں آئس سپلائی کرنے کے ساتھ ساتھ تعلیمی اداروں کو بھی منشیات کی ترسیل میں ملوث رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق ملزم نوجوان نسل کو نشے کی لت میں مبتلا کرنے والے ایک منظم گروہ کا حصہ تھا، جو تعلیمی اداروں اور شہری علاقوں میں خفیہ طریقوں سے منشیات پھیلا رہا تھا۔
مظہر اقبال نے کارروائی کو بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ منشیات فروشی ایک گھناؤنا کاروبار اور سنگین جرم ہے جس کے خاتمے کے لیے پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس بلا تعطل کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ تعلیمی اداروں میں منشیات سپلائی کرنے والوں کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے گی اور کسی بھی عنصر کو نوجوان نسل کا مستقبل تباہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ڈی جی پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس نے عوام سے اپیل کی کہ وہ منشیات فروشوں کے خلاف اداروں کے ساتھ تعاون کریں اور مشکوک سرگرمیوں کی فوری اطلاع متعلقہ حکام کو دیں تاکہ معاشرے کو اس ناسور سے پاک کیا جا سکے۔
سیکیورٹی ماہرین کے مطابق پنجاب میں آئس جیسی مہلک منشیات کا پھیلاؤ نوجوان نسل کے لیے ایک سنگین خطرہ بنتا جا رہا ہے، جبکہ تعلیمی اداروں تک اس کی رسائی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے بڑا چیلنج تصور کی جاتی ہے۔ حالیہ کارروائی کو اسی سلسلے میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس نیٹ ورک سے جڑے مزید افراد کی گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔ حکام نے عندیہ دیا ہے کہ پنجاب بھر میں منشیات فروشوں اور اسمگلروں کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کیا جائے گا تاکہ نوجوان نسل کو منشیات کے خطرناک اثرات سے محفوظ رکھا جا سکے۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button