اے ایف پی، ڈی پی اے
اختتام ہفتہ پر ہنگری کے دارالحکومت بودا پسٹ میں منعقدہ فائنل میچ دیکھنے اور پی ایس جی کی اس شاندار فتح کا جشن منانے کے لیے ہزاروں لوگ پیرس کی سڑکوں پر نکل آئے۔

کچھ جگہوں پر ہجوم اور پولیس کے مابین تصادم ہوا ، جس کے بعد فرانس بھر میں تقریباً 22,000 پولیس اہلکار تعینات کیے گئے تھے، کیونکہ گزشتہ سال بھی جب پی ایس جی نے یہ مقابلہ جیتا تھا تو بدامنی پھیلی تھی۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں پر آتش بازی کے بڑھتے ہوئے استعمال کو اجاگر کرتے ہوئے، وزیر داخلہ لاراں نونے نے ایک پریس بریفنگ میں بتایا کہ 57 سکیورٹی اہلکار زخمی ہوئے ہیں اور ”فرانس بھر میں 219 افراد زخمی ہوئے، جن میں سے آٹھ کی حالت نازک ہے۔‘‘
پیرس کے پبلک پراسیکیوٹر کے دفتر نے ایک نوجوان کی موت کا اعلان کیا جو پیرس رنگ روڈ کے ایگزٹ ریمپ پر اپنی موٹوکراس بائیک کے ساتھ کنکریٹ کے بلاکس سے ٹکرا گیا۔

پراسیکیوٹر کے دفتر نے مزید بتایا کہ پیرس میں مبینہ طور پر ڈکیتی کی کوشش کے دوران چاقو کے حملے میں ایک اور نوجوان شدید زخمی ہوا۔
وزیر داخلہ لاراں نونے نے کہا کہ ملک بھر کے تقریباً پندرہ شہروں میں چوری اور لوٹ مار کے معمولی واقعات پیش آئے اور 71 بلدیاتی حدود میں تشدد کے واقعات ریکارڈ کیے گئے۔
وزیر داخلہ نے واضح کیا کہ 780 گرفتاریوں کی یہ تعداد گزشتہ سال پی ایس جی کی چیمپئنز لیگ کی فتح کے جشن کے مقابلے میں 32 فیصد زیادہ ہے۔



