مشرق وسطیٰاہم خبریں

کویت کے ہوائی اڈے پر ایرانی ڈرون حملہ، ایک بھارتی شہری ہلاک

اس حملے میں ہوائی اڈے کو شدید نقصان پہنچا، جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور 63 دیگر افراد زخمی ہو گئے۔

اے ایف پی کے ساتھ

کویتی وزارت دفاع کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل سعود عبدالعزیز العتیبی نے بتایا کہ ’متعدد دشمن ڈرونز‘ نے کویت انٹرنیشنل ایئر پورٹ کے مسافر ٹرمینل کی عمارت کو نشانہ بنایا۔ یہ ٹرمینل پیر کے روز ہی کئی ماہ کی بندش کے بعد دوبارہ کھولا گیا تھا۔

اس حملے میں ہوائی اڈے کو شدید نقصان پہنچا، جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور 63 دیگر افراد زخمی ہو گئے۔

بھارتی سفارت خانے کے مطابق حملے میں ہلاک ہونے والا شخص ایک بھارتی شہری تھا۔ حکام نے بتایا کہ زخمیوں میں مسافر اور ہوائی اڈے کے ملازمین بھی شامل ہیں، جبکہ بعض افراد کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔

کویت کی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق حملے سے ٹرمینل ون کو شدید نقصان پہنچا۔ بعد ازاں سول ایوی ایشن حکام نے اعلان کیا کہ ہوائی اڈہ جزوی طور پر کھول دیا گیا ہے اور کویت ایئرویز کی پروازیں ایک متبادل ٹرمینل سے دوبارہ شروع کر دی گئی ہیں۔ تاہم وہاں سے دیگر ایئرلائنز کی پروازیں تاحال معطل ہیں۔

کویت کا ردعمل

کویت کی وزارت خارجہ نے اس حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ خلیجی ملک ایران کو جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے اور ایسے حملوں کو ’نہ تو قبول کرے گا اور نہ ہی انہیں برداشت کرے گا‘۔

آٹھ اپریل کو ایران جنگ میں فائر بندی کے اعلان کے بعد سے کویت میں حالات نسبتاً پرامن تھے، تاہم بدھ کے روز حملے سے اس فائر بندی کے استحکام پر نئے سوالات کھڑے ہو گئے ہیں۔

کویت ایئر پورٹ پر مبینہ ڈرون حملوں کے بعد پارکنگ لاٹ میں پڑا ملبہ جلتا ہوا دکھائی دے رہا ہے
کویت کی وزارت خارجہ نے اس حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ خلیجی ملک ایران کو جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہےتصویر: Social Media/REUTERS

ایرانی اور امریکی موقف

ایران کی پاسداران انقلاب فورس نے اعتراف کیا ہے کہ اس نے امریکہ کے پانچویں بحری بیڑے کے ہیڈکوارٹر اور خطے میں موجود امریکی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا، تاہم اس فورس نے کویت کا نام نہیں لیا۔

اس کے جواب میں امریکی افواج نے آبنائے ہرمز میں واقع ایران کے جزیرے قشم پر حملہ کیا۔

ایران اور امریکہ دونوں کا کہنا ہے کہ ان کی حالیہ کارروائیاں ایک دوسرے کے سابقہ حملوں یا حملے کی کوششوں کے جواب میں کی گئی ہیں۔

ایران اور امریکہ نے گزشتہ ہفتے اعلان کیا تھا کہ وہ جنگ بندی کے لیے ایک ابتدائی معاہدے کے قریب پہنچ گئے ہیں، لیکن اب تک فریقین کسی حتمی معاہدے پر دستخط نہیں کر سکے ۔

کویت نے ایرانی دعوے مسترد کر دیے

کویتی حکومت نے بدھ کے روز ایرانی دعووں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ اس کی سرزمین یا فضائی حدود کسی بھی ملک پر حملے کے لیے استعمال نہیں کی گئیں۔

وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا کہ کویت اپنی خود مختاری اور غیر جانبداری کے اصولوں پر قائم ہے اور اس کی فضائی حدود یا سرزمین کو کسی دوسرے ملک کے خلاف فوجی کارروائی کے لیے استعمال نہیں کیا گیا۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button