قرض پروگرام: پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات میں مثبت پیشرفت
بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ڈائریکٹر جہاد ازور نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ قرض پروگرام کیلئے جاری میٹنگ اہم مرحلے میں داخل ہو چکی ہے۔
بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ڈائریکٹر جہاد ازور نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ قرض پروگرام کیلئے جاری میٹنگ اہم مرحلے میں داخل ہو چکی ہے۔ اس معاملے میں مثبت پیشرفت ہو رہی ہے۔
جہاد ازور نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مختلف شرائط کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ قرض پروگرام کی ڈیل کی جا سکے۔ ان مذاکرات میں پاکستان کی طرف سے اٹھائے گئے حالیہ اقدامات کا جائزہ لیا گیا جس کے بعد یہ اس کی سمت اب بہترین ہو چکی ہے۔
دوسری جانب گورنر سٹیٹ بینک رضا باقر نے کہا ہے کہ قوم کو آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کی بہت جلد خوشخبری ملے گی۔ یہ بات انہوں نے لندن میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں کی۔
رضا باقر کا کہنا تھا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کیلئے وزیر اعظم عمران خان کا خصوصی پیغام لے کر برطانیہ آیا ہوں۔ اب تک دو لاکھ ساٹھ ہزار روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کھولے جا چکے ہیں، ان کے ذریعے چو اعشاریہ چھ ارب ڈالرز وطن بھیجے گئے ہیں۔
پاکستان میں بڑھائی گئی حالیہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے معاملے پر بات کرتے ہوئے گورنر سٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ اس وقت پوری دنیا میں مہنگائی کی لہر آئی ہوئی ہے۔ عالمی سطح پر اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں جو اضافہ دیکھا جا رہا ہے وہ پچھلے 30 سالوں میں کبھی نہیں ہوا۔ اس مہنگائی کی بڑی وجہ تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کیساتھ میٹنگ پازیٹو انداز میں آگے بڑھ رہی ہے، امید ہے کہ جلد ہی اس حوالے سے قوم کو خوشخبری ملے گی۔