
خاتونِ اول آصفہ بھٹو سے اقوامِ متحدہ کے رابطہ کار اور یو این نمائندوں کی ملاقات،ترقی، تعلیم، صحت اور موسمیاتی تعاون پر تبادلۂ خیال
انہوں نے ملک بھر میں کام کرنے والے اقوامِ متحدہ کے اداروں، فنڈز اور پروگراموں کی خدمات کو سراہتے ہوئے صحتِ عامہ، بچوں کی بہبود، پائیدار ترقی کے اہداف اور موسمیاتی تبدیلی کے شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔
انصار ذاہد سیال-پاکستان،وائس آف جرمنی اردو نیوز
خاتونِ اول بی بی آصفہ بھٹو زرداری سے پاکستان میں اقوامِ متحدہ کے رابطہ کار محمد یحییٰ اوردیگر یواین اداروں کے نمائندوں نے ایوان صدر میں ملاقات کی۔
ملاقات میں پاکستان اور اقوامِ متحدہ کےدرمیان تعاون، قومی ترقیاتی ترجیحات، موسمیاتی لچک ، تعلیم، سماجی تحفظ، صحت اور پائیدار ترقی کے امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ خاتونِ اول نے قومی ترقیاتی ترجیحات اور منصوبوں کو آگے بڑھانے کے لیے اقوامِ متحدہ کی کنٹری ٹیم کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
آصفہ بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان اقوامِ متحدہ کے ساتھ اپنے قریبی اور ہمہ جہت تعاون کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔انہوں نے ملک بھر میں کام کرنے والے اقوامِ متحدہ کے اداروں، فنڈز اور پروگراموں کی خدمات کو سراہتے ہوئے صحتِ عامہ، بچوں کی بہبود، پائیدار ترقی کے اہداف اور موسمیاتی تبدیلی کے شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔
انہوں نے پولیو سے پاک پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور انسدادِ پولیو مہم میں اقوامِ متحدہ کی مسلسل معاونت کو سراہا۔ محمد یحییٰ نے پولیو کے خاتمے کے لئے حمایت پر خاتونِ اول کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ بارہ ماہ اس ہدف کے حصول کے لئے نہایت اہم ہوں گے۔



