
ڈی پی اے کے ساتھ
ان تینوں ممالک کا کہنا ہے کہ ایسے پیداواری اداروں کی وجہ سے ہونے والے ماحولیاتی نقصانات کے ازالے کی کوششوں میں سخت تر ضوابط کے ساتھ ساتھ ان اداروں کو بھی زیادہ جواب دہ بنایا جانا چاہیے۔
لکسمبرگ کے دارالحکومت لکسمبرگ سٹی میں یورپی یونین کے وزرائے ماحولیات کے ایک اجلاس کے موقع پر جرمن وزارت تحفظ ماحول کے اسٹیٹ سیکرٹری یوخن فلاس بارتھ نے کہا، ”ہم دیکھ رہے ہیں کہ ایسے اداروں کی وجہ سے ماحول اور تحفظ ماحول کی کوششوں دونوں پر شدید دباؤ پڑ رہا ہے۔‘‘

یوخن فلاس بارتھ نے کہا، ”اس مقصد کے لیے استعمال کیے جانے والے وسائل بے تحاشا ہیں۔ یہ کمپنیاں بہت زیادہ ٹیکسٹائل ویسٹ کی شکل میں کوڑے کا باعث بن رہی ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ اس رجحان کی حوصلہ شکنی کی جائے۔‘‘
الٹرا فاسٹ فیشن ہے کیا؟
فیشن اور کاروباری دنیا میں الٹرا فاسٹ فیشن انڈسٹری کی اصطلاح سے مراد ایسے کاروبار اور پیداواری شعبے ہیں، جو وسیع پیمانے پر کم قیمت اور کم معیار کے ایسے ملبوسات تیار کرتے ہیں، جو زیادہ تر آن لائن فروخت کیے جاتے ہیں اور جن کے لیے ‘انتہائی تیز‘ کے الفاظ اس لیے استعمال کیے جاتے ہیں کہ یوں کسی بھی نئے فیشن یا رجحان کو فوری طور پر صارفین تک پہنچانے کی کوشش کی جاتی ہے۔
اس عمل میں انٹرنیٹ مارکیٹنگ ڈیٹا بھی استعمال کیا جاتا ہے، مگر اس کا سب سے بڑا نقصان یہ ہے کہ یوں ٹیکسٹائل کی شکل میں بہت زیادہ ٹھوس کوڑا پیدا ہوتا ہے، جو ماحول کے لیے انتہائی نقصان دہ ثابت ہوتا ہے۔

اس رجحان کے خلاف فعال تین یورپی ممالک جرمنی، فرانس اور نیدرلینڈز اب یہ چاہتے ہیں کہ اس فیشن انڈسٹری کو زیادہ ذمے داری سے کام کرنا چاہیے، زیادہ سے زیادہ خام مال ری سائیکلنگ سے تیار کیا ہوا ہونا چاہیے اور یورپ میں اس حوالے سے موجودہ ضوابط کو سخت تر بنایا جانا چاہیے۔



