
وزیراعظم شہباز شریف سے پمز آتشزدگی واقعے میں نومولود کی جان بچانے والی نرس رضیہ نورین کی ملاقات،تمغہ خدمت کا اعلان اور ایک کروڑ روپے کا چیک دیا
قوم کی بیٹی رضیہ نورین کا کارنامہ تاریخ میں سنہری حروف میں یاد رکھا جائے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پوری قوم کارہائے نمایاں انجام دینے پررضیہ نورین کو خراج تحسین پیش کرتی ہے
سید عاطف ندیم-ادارت
اوزیراعظم محمد شہباز شریف نے پمز آتشزدگی واقعہ میں اپنی جان پر کھیل کر نومولود کی جان بچانے والی نرس رضیہ نورین سے جمعرات کو یہاں ملاقات کی اور ان کی ہمت اور جذبے کی تعریف کی ۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ نرس رضیہ نورین نے اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر جس ہمت اور عظیم مقصد کے لیے اس نومولود کی جان بچائی
اس نیک عمل کے لئے اللہ تعالیٰ بہت اجر عطا فرمائے گا،پوری قوم کو ان پر فخر ہے اور ان کی ہمت اور بہادری کی معترف ہے، جس نومولود کی انہوں نے جان بچائی ان کی والدہ بھی پوری زندگی ان کو اپنی دعائوں میں یاد رکھیں گی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ عظیم مقصد کے لئے اپنی جان خطرے میں ڈال کر نومولود کی جان بچانا عظیم عمل ہے۔انہوں نے کہا کہ قوم کی بیٹی رضیہ نورین کا کارنامہ تاریخ میں سنہری حروف میں یاد رکھا جائے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پوری قوم کارہائے نمایاں انجام دینے پررضیہ نورین کو خراج تحسین پیش کرتی ہے ۔وزیراعظم نے اعلان کیا کہ 23 مارچ کو رضیہ نورین کو ان کی خدمات کے اعتراف میں تمغہ خدمت دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایک کروڑ روپے کا انعام دراصل ان کی حوصلہ افزائی کے لئے ہےجس کی وہ حقیقی طور پر مستحق ہیں۔

نرس رضیہ نورین نے وزیراعظم کو بچی کی جان بچانے اور آتشزدگی کے واقعہ سے متعلق تفصیلات سے بھی آگاہ کیا۔ رضیہ نورین نے کہا کہ وہ اس حوصلہ افزائی پر خوش ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی دیگر ساتھی نرسز بھی اتنی ہی محنت اور لگن سے کام کرتی ہیں۔ یہ بڑا دل خراش واقعہ تھا۔ انہو ں نے بتایا کہ وہ انہوں نے آگ کو دیکھا اور جان کی پرواہ کئے بغیر اندر چلی گئی۔ انہوں نے ایک چھوٹی بچی آصفہ کو بچایا اور باہر لا کر جلدی سے ڈاکٹرعبدالرحمن کے حوالے کیا تاکہ رش میں وہ محفوظ ہاتھوں میں رہے اور دوسرے بچوں کی جان بچانے کی بھی کوشش کی لیکن ہنگامی صورتحال کی وجہ سے ایسا نہیں ہو سکا، آگ تیزی سے پھیل گئی اور اچانک اندھیرا ہو گیا اور دھواں پھیل گیا۔ انہوں نے حوصلہ افزائی پر وزیراعظم سے اظہار تشکر کیا ۔ وزیراعظم نے کہا کہ پمز آتشزدگی بہت دلخراش واقعہ ہے، ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی جبکہ وزارت صحت کو پمز ہسپتال میں سہولتوں کی بہتری اور مسائل کے حل کے لئے ہدایات جاری کی ہیں۔اس موقع پروزیراعظم محمد شہباز شریف نے رضیہ نورین کو ایک کروڑ روپے کا چیک دیا۔ وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ بھی اس موقع پر موجود تھے۔



