
مریم نواز شریف کا پنجاب میں جانوروں کے لیے پہلی مکمل موبائل ہسپتال یونٹ کا افتتاح
صوبہ بھر میں مویشیوں کے علاج کے لیے فارمر کے ڈیرے پر جاکر 6964 موبائل موٹر بائیک پر وٹرنری اسسٹنٹ متحرک ہیں
انصار ذاہد سیال-پاکستان
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے موبائل وٹرنری فلیٹ کا افتتاح کردیا۔ پنجاب میں پہلی مرتبہ مویشیوں کے علاج کے لیے مکمل موبائل ہسپتال یونٹ قائم کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سٹیٹ آف آرٹ موبائل وٹرنری ڈسپنسری، وٹرنری لیبارٹری اور ایکسرے یونٹ کا معائنہ کیا اور لائیوسٹاک کانفرنس کے انعقاد کی ہدایت کی۔ انہوں نے ماڈل وٹرنری ہسپتال کے مجوزہ ڈیزائن کی منظوری بھی دی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ مزید 30 موبائل وٹرنری ڈسپنسری اور 17 موبائل وٹرنری لیب کا آغاز کردیا گیا، جبکہ پنجاب میں 2062 موبائل وٹرنری ہسپتال فنکشنل ہو گئے ہیں۔ موبائل وٹرنری ڈسپنسری میں الٹراساؤنڈ اور ایکسرے یونٹ جبکہ موبائل وٹرنری لیبارٹری میں موقع پر ہی 40 ٹیسٹ کیے جا سکیں گے۔
بریفنگ کے مطابق موبائل وٹرنری ہسپتالوں میں مویشیوں کی بیماریوں کی اسکریننگ اور سرویلنس بھی کی جائے گی۔ پنجاب کے 10 ڈویژنل ہسپتالوں میں ایکسرے، 36 اضلاع میں آپریشن تھیٹرز اور لیبارٹریاں جبکہ ہر تحصیل میں 138 الٹراساؤنڈ مشینیں موجود ہوں گی۔
صوبہ بھر میں مویشیوں کے علاج کے لیے فارمر کے ڈیرے پر جاکر 6964 موبائل موٹر بائیک پر وٹرنری اسسٹنٹ متحرک ہیں۔ سی ایم انٹرن شپ پروگرام کے تحت ایک ہزار انٹرنز نے 34 لاکھ مویشیوں کا علاج کیا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب کی ہر تحصیل میں 230 وٹرنری ہسپتالوں کی تعمیر و بحالی کے ساتھ ماڈل وٹرنری ہسپتال قائم کیا جائے گا۔ ماڈل وٹرنری ہسپتال میں کیٹل کرش، جدید ترین مکینیکل کرش اور ہارس کرش موجود ہوں گے، جبکہ آپریشن تھیٹرز میں ہائیڈرالک آپریشن ٹیبل اور جدید ترین لائٹس بھی لگائی جائیں گی۔
دودھ اور گوشت کی پیداوار بڑھانے کے لیے پنجاب میں 8 لاکھ جانوروں کی مصنوعی نسل کشی کی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب مؤثر ویکسی نیشن کی وجہ سے لمپی سکن بیماری سے محفوظ ہوچکا ہے۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب میں مویشیوں کی بہتر افزائش نسل سے دودھ اور گوشت کی پیداوار میں اضافہ کریں گے۔ پنجاب کے لائیوسٹاک فارمرز کو گھر کی دہلیز پر مویشیوں کے علاج کی سہولت فراہم کر رہے ہیں۔



