یورپتازہ ترین

جرمنی میں بجلی کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانے کی کوشش، تحقیقات جاری

بلڈ کے مطابق ایک شخص نے ہاتھ سے لکھے گئے خط میں دونوں واقعات کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے اپنی شناخت بھی ظاہر کی ہے

جرمنی میں مبینہ تخریب کاری کے دو واقعات کے بعد ملک بھر میں سکیورٹی خدشات بڑھ گئے ہیں۔ پولیس کے مطابق برگ ہائم کے بعد ڈسلڈورف کے قریب بھی بجلی کے نظام کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی۔ حکام ان واقعات کو اتوار کو ہونے والے اہم صوبائی انتخابات کے تناظر میں بھی دیکھ رہے ہیں۔
جرمن اخبار بلڈ نے جمعے کے روز حکام کے حوالے سے تحریر کیا کہ جرمن شہر ڈسلڈورف کے جنوب میں واقع ایک بجلی گرڈ ٹرانسفارمر کو شارٹ سرکٹ کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ رواں ہفتے یہ تخریب کاری کا دوسرا مشتبہ واقعہ قرار دیا جا رہا ہے۔
کولون کی پولیس کے مطابق ایک خط کے ذریعے ڈورماگن میں پیش آنے والے واقعے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے اس میں ملوث ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ اسی خط میں قریبی شہر برگ ہائم میں بجلی کی ایک ترسیلی تنصیب میں توڑ پھوڑ کا بھی ذکر کیا گیا، جس کے باعث منگل کے روز 4,200 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت متاثر ہوئی تھی۔
بلڈ کے مطابق ایک شخص نے ہاتھ سے لکھے گئے خط میں دونوں واقعات کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے اپنی شناخت بھی ظاہر کی ہے، تاہم ابھی یہ واضح نہیں کہ وہ واقعی ان کارروائیوں میں ملوث تھا یا نہیں۔
اس ہفتے جرمنی یورپ بھر میں اہم تنصیبات کے تحفظ سے متعلق خدشات کا مرکز بنا ہوا ہے۔
جرمنی نے اگست میں لائپزگ/ہالے ہوائی اڈے پر ہونے والے ڈرون حملے کا الزام روس پر عائد کیا تھا۔ برلن کے مطابق یہ حملہ ایسے ’’ہائبرڈ اقدامات‘‘ کا حصہ تھا، جن کا مقصد یوکرین کی حمایت کرنے والے ممالک کو خوف زدہ اور تقسیم کرنا ہے۔ تاہم روس نے ان الزامات کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔
اتوار کو مشرقی جرمن ریاست سیکسنی انہالٹ میں اہم انتخاب بھی ہونے جا رہا ہے۔ سروے رپورٹوں کے مطابق انتہائی دائیں بازو کی اور روس نواز سیاسی جماعت ’’متبادل برائے جرمنی‘‘ AfD کو واضح برتری حاصل ہے۔
جرمن وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ اس الیکشن سے قبل ایسے ’’ہائبرڈ حملوں‘‘ کا رونما ہونا محض اتفاق نہیں۔
چانسلر فریڈرش میرس کے ترجمان نے کہا کہ متعدد حملوں کو ناکام بنانا یا انہیں بروقت روک لینا اس بات کا ثبوت ہے کہ جرمنی کے حفاظتی اقدامات مؤثر انداز میں کام کر رہے ہیں۔
اس ہفتے ایک اور مشتبہ تخریب کاری کے واقعے میں برانڈن برگ ریاست کے ایک نہایت اہم ہائی وولٹیج مرکز پر بجلی کی لائنوں کو بھی نقصان پہنچایا گیا تھا۔
ادھر جمعے کی صبح بریمن کے قریب واقع قصبے Ganderkesee میں پولیس نے ایک ٹرانسفارمر اسٹیشن کے کنٹرول حصے کا دروازہ کھلا پایا۔ پولیس نے ہیلی کاپٹر اور کتوں کی مدد سے علاقے کی تلاشی بھی لی۔
پولیس کے مطابق اس تنصیب کو کوئی نقصان نہیں پہنچا اور نہ ہی اس سلسلے میں کوئی مشتبہ شخص ملا، تاہم واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button