
رومانیہ: اینڈریو ٹیٹ کے خلاف کمسن لڑکیوں کی اسمگلنگ کے مقدمے میں فرد جرم عائد
رومانیہ کے پراسیکیوٹرز کے مطابق ٹیٹ برادران مبینہ طور پر خواتین سے محبت یا شادی کا جھوٹا وعدہ کر کے اپنے جال میں پھنساتے تھے
رومانیہ کے پراسیکیوٹرز نے سوشل میڈیا انفلوئینسر اینڈریو ٹیٹ پر کم عمر لڑکیوں کی اسمگلنگ، منی لانڈرنگ، نابالغوں سے جنسی تعلقات اور گواہوں پر اثرانداز ہونے سمیت متعدد الزامات میں فرد جرم عائد کر دی ہے۔ ان کے بھائی ٹرسٹن ٹیٹ پر بھی معاونت کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
امریکہ اور برطانیہ کی دوہری شہریت رکھنے والے ٹیٹ برادران جولائی کے آخر میں امریکی شہر میامی میں گرفتار کیے گئے تھے۔ برطانیہ نے ان کی حوالگی کی درخواست کر رکھی ہے۔ ٹیٹ برادران کو دسمبر سن 2022 سے انسانی اسمگلنگ سمیت مختلف الزامات کا سامنا ہے۔
رومانیہ کے پراسیکیوٹرز کے مطابق ٹیٹ برادران مبینہ طور پر خواتین سے محبت یا شادی کا جھوٹا وعدہ کر کے اپنے جال میں پھنساتے تھے اور بعد ازاں انہیں ویب کیم بزنس کے لیے فحش مواد تیار کرنے پر مجبور کرتے تھے۔
دونوں بھائی تمام الزامات کی تردید کرتے ہیں۔ رومانیہ میں ان کے وکیل ایوگین ویدینیاک نے کہا کہ وہ فرد جرم کے ہر پہلو کا باریک بینی سے جائزہ لیں گے اور قانونی یا شواہد سے متعلق کسی بھی خامی یا کمی کو مناسب عدالتی عمل کے ذریعے چیلنج کریں گے۔
رومانیہ کے انسداد برائے منظم جرائم کے ادارے (DIICOT) کے ترجمان نے کہا کہ فی الحال یہ واضح نہیں کہ رومانیہ بھی امریکہ سے ان کی حوالگی طلب کرے گا یا نہیں۔
رومانیہ میں ان کا ٹرائل ان کی عدم موجودگی میں بھی چلایا جا سکتا ہے، تاہم مقدمے کی سماعت فوری طور پر شروع نہیں ہو گی۔ رومانیہ کے قانون کے مطابق فرد جرم پہلے ایک ابتدائی عدالتی مرحلے سے گزرے گی، جہاں ایک جج مقدمے کے ریکارڈ کا جائزہ لے گا۔
پراسیکیوٹرز کے مطابق اینڈریو ٹیٹ نے سن 2012 میں برطانیہ میں ایک 15 سالہ لڑکی کو اپنے جال میں پھنسایا، بعد ازاں اسے رومانیہ کے دارالحکومت بخارسٹ منتقل کیا اور جسمانی تشدد اور ذہنی دباؤ کے ذریعے اسے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے لیے فحش مواد تیار کرنے پر مجبور کیا۔
پراسیکیوٹرز کا کہنا ہے کہ ٹرسٹن ٹیٹ نے بھی اس کارروائی میں معاونت کی اور مبینہ متاثرہ لڑکی کو جسمانی جارحیت کے ذریعے دباؤ میں رکھا۔



