سائنس و ٹیکنالوجیتازہ ترین

چین کو اپنی مہارت اور ٹیکنالوجی چرا لیے جانے کا خدشہ

گارشیا ہیریرو نے بتایا، ''انہوں نے 50 ہزار ڈالر کی حد تبدیل نہیں کی۔ اب وہ ان افراد اور ایجنٹوں پر دباؤ ڈال رہے ہیں جن کے ذریعے عموماً یہ رقم منتقل ہوتی تھی۔‘‘

Al-Syed Tech Company Bio Medical Equipment Service
نِک مارٹِن

چین نے اسٹریٹجک شعبوں میں ماہر افرادی قوت اور ٹیکنالوجی کو ملک سے باہر جانے سے روکنے کے اقدامات تیز کر دیے ہیں، اسے خدشہ ہے کہ مغرب اس کی ٹیکنالوجی اور مہارت چرا لے گا۔

گزشتہ ہفتے کچھ نئے ضابطے نافذ ہوئے ہیں، جن کے تحت چینی حکام کو یہ اختیار حاصل ہو گیا ہے کہ وہ انجینئروں، کمپنی کے بانیوں اور دیگر ماہرین کو ”صنعتی اور تکنیکی سلامتی‘‘ کے لیے خطرہ سمجھ کر ملک سے باہر جانے سے روک سکتے ہیں۔

حالیہ عرصے میں بیجنگ نے بیرون ملک سرمایہ کاری کے قواعد بھی سخت کیے ہیں، بیرون ملک دولت رکھنے والے چینی شہریوں کے خلاف کارروائی تیز کی ہے اور تکنیکی عملے کی بیرون ملک تعیناتیوں پر پابندیاں عائد کی ہیں۔

سنگاپور مینجمنٹ یونیورسٹی (ایس ایم یو) میں قانون کے پروفیسر ہنری گاؤ کے خیال میں یہ تمام پابندیاں مل کر ”چین کی معیشت کی حقیقی صورتحال کی ایک نایاب جھلک پیش کرتی ہیں۔‘‘

گاؤ نے ڈی ڈبلیو کو بتایا کہ ”یہ اقدامات ظاہر کرتے ہیں کہ بیجنگ معاشی کمزوری اور سرمایے کے بڑے پیمانے پر بیرون ملک اخراج کے حوالے سے شدید تشویش میں مبتلا ہے۔‘‘

اسٹارٹ اپ کمپنی Manus کا لوگو
چین نے مصنوعی ذہانت کی اسٹارٹ اپ کمپنی Manus کو میٹا کے خریدنے کا معاہدہ روک دیا اور اس کے بانیوں کو ملک چھوڑنے سے بھی منع کر دیاتصویر: VCG/IMAGO

کمپنیوں کے بانی ملک چھوڑنے کے راستے تلاش کر رہے ہیں

اب یہی تشویش لوگوں اور سرمایے کے ملک سے باہر جانے تک پھیل گئی ہے۔

اس کی حالیہ نمایاں مثال Manus نامی مصنوعی ذہانت کی ایک اسٹارٹ اپ کمپنی ہے، جسے بیجنگ میں دو چینی شہریوں نے قائم کیا تھا۔ گزشتہ سال کمپنی نے اپنا ہیڈکوارٹر سنگاپور منتقل کر لیا، جس کی ایک وجہ امریکی پابندیوں سے بچنا اور عالمی منڈیوں میں توسیع کرنا تھی۔

جب فیس بک کی مالک کمپنی میٹا نے گزشتہ دسمبر میں Manus کو 2 بلین ڈالر میں خریدنے کی کوشش کی تو بیجنگ نے اس معاہدے کو روک دیا اور کمپنی کے دونوں بانیوں کو ملک چھوڑنے سے بھی منع کر دیا۔

اسی ماہ چینی سوشل میڈیا پر یہ افواہیں بھی گردش کرتی رہیں کہ ہواوے کے بانی اور چیف ایگزیکٹو رین ژینگ فئی اور ان کی بیٹی، چیف فنانشل آفیسر مینگ وان ژو، ممکنہ طور پر ملک چھوڑ چکے ہیں۔

شنگھائی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر امیگریشن افسران ایک مسافر کی جانچ کرتے ہوئے
چین کے غیر ملکی شہریوں کے دوروں پر نگرانی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہےتصویر: Rafael Ben-Ari/Chameleons Eye/Newscom/picture alliance

دولت مند چینیوں کے لیے سرمایہ بیرون ملک منتقل کرنا مشکل

بلومبرگ انٹیلیجنس کے اندازے کے مطابق گزشتہ سال تقریباً ایک ٹریلین ڈالر مالیت کی چینی دولت ملک سے باہر منتقل ہوئی، جو 2006 میں ریکارڈ رکھنے کا سلسلہ شروع ہونے کے بعد سے ”ہاٹ منی‘‘ کا سب سے بڑا اخراج تھی۔

بیجنگ نے شہریوں کو سالانہ 50 ہزار ڈالر تک زرمبادلہ ملک سے باہر لے جانے کی حد میں اضافہ نہیں کیا ہے۔ تاہم فرانسیسی سرمایہ کاری بینک نیٹکس کی ایشیا پیسیفک کی چیف اکانومسٹ ایلیشیا گارشیا ہیریرو کے مطابق اس حد سے بچنے کے لیے دولت مند افراد جن غیر رسمی راستوں کا استعمال کرتے تھے، ان پر اب پابندیاں سخت کی جا رہی ہیں۔

گارشیا ہیریرو نے بتایا، ”انہوں نے 50 ہزار ڈالر کی حد تبدیل نہیں کی۔ اب وہ ان افراد اور ایجنٹوں پر دباؤ ڈال رہے ہیں جن کے ذریعے عموماً یہ رقم منتقل ہوتی تھی۔‘‘

علی بابا کا لوگو
بلومبرگ کی ایک رپورٹ کے مطابق چینی حکام نے علی بابا جیسی کمپنیوں کے اعلیٰ اے آئی محققین، بانیوں اور انتظامی عہدیداروں کے لیے بیرون ملک سفر سے قبل اجازت لینا ضروری قرار دے دیا ہےتصویر: Dado Ruvic/REUTERS

نئی پابندیاں متبادل راستوں کو فروغ دے سکتی ہیں

ایس ایم یو کے گاؤ کا خیال ہے کہ نئی پابندیاں الٹا نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہیں، کیونکہ جتنا مشکل سرمایے یا افراد کو بیرون ملک منتقل کرنا ہوگا، اتنا ہی وسائل رکھنے والے لوگوں کے لیے دوسرے راستے تلاش کرنے کی ترغیب بڑھے گی۔

گاؤ نے بتایا، ”وقت گزرنے کے ساتھ اس سے اعتماد مزید کمزور، سرمایے کے اخراج میں تیزی اور ان معاشی مسائل میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے جنہیں یہ اقدامات قابو میں رکھنے کے لیے کیے گئے ہیں۔‘‘

دوسری جانب گارشیا ہیریرو سمجھتی ہیں کہ سرمایے پر پابندیوں کے مقابلے میں ماہر افرادی قوت کو روکنے کے اقدامات زیادہ اہم ثابت ہوں گے۔

انہوں نے بتایا، ”آپ منظوری لے کر اب بھی آہستہ آہستہ رقم منتقل کر سکتے ہیں۔ لیکن ایسے پروسیس انجینئر کی جگہ لینا آسان نہیں جو جہاز میں سوار ہی نہ ہو سکے، یا غیر معینہ مدت کی پابندی کے باعث بیرون ملک ملازمت اختیار کرنے پر آمادہ نہ ہو۔‘‘

ایک روبوٹ میلے کا منظر
چین جدید ترین اے آئی نظام تیار کرنے کی دوڑ میں اپنے امریکی حریف کا تیزی سے مقابلہ کرنے کی کوشش کر رہا ہےتصویر: NurPhoto/picture alliance

اے آئی ماہرین کو اب بیرون ملک جانے کے لیے اجازت درکار

اس خطرے کے اثرات پہلے ہی چین کی مصنوعی ذہانت کی کمپنیوں تک پہنچ رہے ہیں، جو جدید ترین اے آئی نظام تیار کرنے کی دوڑ میں اپنے امریکی حریفوں کا تیزی سے مقابلہ کر رہی ہیں۔

بلومبرگ نے مئی میں رپورٹ کیا تھا کہ چینی حکام نے علی بابا اور DeepSeek جیسی کمپنیوں کے اعلیٰ اے آئی محققین، بانیوں اور انتظامی عہدیداروں کے لیے بیرون ملک سفر سے قبل اجازت لینا ضروری قرار دے دیا ہے۔

ٹیکنالوجی نیوز ویب سائٹ دی انفارمیشن کے مطابق گزشتہ سال DeepSeek کے بعض ملازمین سے ان کے پاسپورٹ جمع کرانے کو بھی کہا گیا تھا۔ بیجنگ نے اس عمل کی نہ تو تصدیق کی اور نہ ہی تردید۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button