
وزیراعلیٰ پنجاب کو یو این ہیبی ٹیٹ سکرول آف آنر ایوارڈ کے لیے مسقط مدعو کر لیا گیا
پنجاب کا ’’اپنی چھت اپنا گھر‘‘ پراجیکٹ یو این ہیبی ٹیٹ سکرول آف آنر ایوارڈ 2026 کے لیے سرفہرست ہے
انصار ذاہدسیال-پاکستان
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کو یو این ہیبی ٹیٹ سکرول آف آنر ایوارڈ کے لیے مسقط مدعو کر لیا گیا۔ عالمی یوم رہائش کے موقع پر مریم نواز شریف ’’اپنی چھت اپنا گھر‘‘ پروگرام کے لیے سکرول آف آنر ایوارڈ کی تقریب میں شرکت کریں گی۔
’’یو این ہیبی ٹیٹ سکرول آف آنر ایوارڈ‘‘ اقوام متحدہ کے ہیومن سیٹلمنٹ پروگرام سے متعلق اعلیٰ ترین بین الاقوامی اعزاز ہے، جو مختلف افراد، شہروں، حکومتوں اور سرکاری اداروں، سول سوسائٹی، نجی تنظیموں، تحقیقی اداروں اور منصوبوں کو دیا جاتا ہے۔یہ ایوارڈ سستی اور مناسب رہائش، پائیدار اربن ڈویلپمنٹ، بنیادی شہری سہولتوں میں بہتری، شہری تعمیر نو، بہتر اربن ڈویلپمنٹ اور قدرتی آفات کے بعد بحالی کے پروگراموں کے اہداف کو مدنظر رکھتے ہوئے دیا جاتا ہے۔
37 سال سے جاری سکرول آف آنر ایوارڈ کے تحت اب تک 200 ایوارڈز دیے جا چکے ہیں۔ پاکستان میں پہلی اور آخری مرتبہ ایرا کے ڈپٹی چیئرمین نے 2007 میں یو این ہیبی ٹیٹ سکرول آف آنر ایوارڈ وصول کیا تھا۔پنجاب کا ’’اپنی چھت اپنا گھر‘‘ پراجیکٹ یو این ہیبی ٹیٹ سکرول آف آنر ایوارڈ 2026 کے لیے سرفہرست ہے۔ پاکستان کے علاوہ میانمار، برازیل، تیونس اور انگلینڈ/لندن کو بھی یو این ہیبی ٹیٹ سکرول آف آنر ایوارڈ کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف ’’اپنی چھت اپنا گھر‘‘ پروگرام کے سکرول آف آنر ایوارڈ کے لیے خصوصی دعوت پر تقریب میں شرکت کریں گی۔ عمان کے کنونشن اینڈ ایگزیبیشن سینٹر میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو یو این ہیبی ٹیٹ سکرول آف آنر ایوارڈ پیش کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے یو این ہیبی ٹیٹ سکرول آف آنر ایوارڈ پنجاب کے بے گھر افراد کے نام کر دیا۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ ایوارڈ پنجاب کے بے گھر افراد کے لیے اعزاز ہے۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ ’’اپنی چھت اپنا گھر‘‘ پروگرام نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا کا سب سے بہترین لو کاسٹ ہاؤسنگ پراجیکٹ ہے۔



