
جواد احمد-ادارت
سال رواں کا طب کا نوبل انعام امریکہ کے ایک اور جرمنی کے دو سائنسدانوں پر مشتمل ایک ایسی تین رکنی تحقیقی ٹیم کو دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس نے آپٹو جینیٹکس کے شعبے میں گراں قدر ریسرچ کی ہے۔
یہ بات سویڈن کے دارالحکومت سٹاک ہوم میں پیر پانچ اکتوبر کے روز نوبل اسمبلی کی طرف سے کیے گئے ایک اعلان میں بتائی گئی۔
سال 2026ء کے میڈیسن کے نوبل انعام کے حقدار قرار دیے جانے والے تین ماہرین میں سے ایک امریکہ کے طبی نفسیات اور نیورولوجی کے ماہر کارل ڈائسے روتھ ہیں اور باقی دو ان کے جرمن ساتھی ریسرچر جن کے نام پیٹر ہیگےمان اور گیورگ ناگل ہیں۔
نوبل اسمبلی کے مطابق ان تینوں ماہرین نے آپٹو جینیٹکس کے شعبے میں ایسی نئی اور سنگ میل ثابت ہونے والی تحقیق کی ہے، جو ایک تحقیقی میدان کے طور پر محققین کو یہ سمجھنے میں مدد دیتی ہے کہ کس طرح خاص اقسام کے خلیات سیکھنے، خوف، نشے کی عادت، حتیٰ کہ نقل و حرکت جیسے انسانی رویوں پر اثر انداز ہوتے ہیں۔

اس نوبل انعام کے حقدار ماہرین کا انتخاب کرنے والی کمیٹی کی طرف سے سویڈش دارالحکومت میں کیے گئے اعلان کے مطابق یہ آپٹو جینیٹک ریسرچ مستقبل میں کسی دن یہ راہ ہموار کر سکتی ہے کہ اسی ریسرچ کے نتیجے میں مرگی اور پارکنسنز جیسی ذہنی اعصابی اور حسیاتی بیماریوں کے علاج تلاش کر لیے جائیں۔
نوبل اسمبلی کے مطابق، ’’آپٹو جینیٹکس کو استعمال کرتے ہوئے یہ ماہرین ان نیورل سرکٹس کو تلاش کرنے میں کامیاب رہے، جو مخصوص اقسام کی ان یادداشتوں، محسوسات اور رویوں کی تشکیل کرتے ہیں، جو طبی نفسیاتی اور ذہنی اعصابی بیماریوں کے سلسلے میں کلیدی اہمیت کے حامل ہوتے ہیں۔‘‘
ساتھ ہی نوبل اسمبلی کی طرف سے مزید کہا گیا، ’’آپٹو جینیٹکس نے انسانوں کی انسانی دماغ سے متعلق تفہیم کو سرے سے بدل کر رکھ دیا ہے۔ اس شعبے میں ہر روز نئی دریافتیں سامنے آ رہی ہیں، جن سے انسانیت کے سب سے بڑے اسرار میں سے ایک کو سمجھنے میں فیصلہ کن مدد مل سکتی ہے، خاص طور پر اس پہلو سے کہ انسانی دماغ کتنے ناقابل یقین حد تک شاندار طریقے سے کام کرتا ہے۔‘‘

آج اعلان کردہ طب کے نوبل انعام اور آئندہ دنوں میں دیگر کئی شعبوں میں سال رواں کے لیے مختلف نوبل انعامات کے حقدار ماہرین کے ناموں کے جو اعلانات کیے جائیں گے، ان تمام افراد کو ایک ایک ڈپلومے، گولڈ میڈل اور بڑی نقد رقوم کی صورت میں دیے جانے والے انعامات 10 دسمبر کو سٹاک ہوم میں ہونے والی ایک سالانہ تقریب میں سویڈن کے بادشاہ کارل گستاف ذاتی طور پر پیش کریں گے۔



