عامر لیاقت اپنی بیوی سے علیحدگی کی خبروں پر بول پڑے
معروف اینکر پرسن عامر لیاقت نے اپنی اہلیہ سیدہ طوبیٰ کے ساتھ طلاق کی خبروں پر خاموشی توڑدی۔
کراچی : معروف اینکر پرسن عامر لیاقت نے اپنی اہلیہ سیدہ طوبیٰ کے ساتھ طلاق کی خبروں پر خاموشی توڑدی۔ان کا کہنا ہے کہ سیدہ طوبی نے میرے کہنے پر ہی اپنے نام کے ساتھ والد کا نام لگایا ہے اوروہ ابھی بھی میری بیوی ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق عامر لیاقت کی دوسری اہلیہ سیدہ طوبیٰ کی طرف سے اپنے نام کے ساتھ عامر لیاقت کا نام ہٹاکر والد کا نام دوبارہ لگانے کے بعد سوشل میڈیا پر ان دونوں کے درمیان علیحدگی کی افواہیں گردش کرنے لگیں تھیں۔دیکھتے ہی دیکھتے عامر لیاقت اور سیدہ طوبیٰ کی طلاق کی خبرجنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی۔
جب یہ افواہیں حد سے زیادہ بڑھ گئیں تو عامر لیاقت نے سوشل میڈیا پر طوبیٰ کی ایک ویڈیو شیئر کی جس میں سیدہ طوبیٰ، عامر لیاقت کے ساتھ ان ہی کے گھر میں موجود ہیں اور اپنی کھوئی ہوئی بلی ڈھونڈنے پر رو روکر عامر لیاقت کا شکریہ ادا کررہی ہیں۔ عامر لیاقت نے اس ویڈیو کے ساتھ اپنی اور سیدہ طوبیٰ کے درمیان طلاق کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ’’یہ اب بھی میری بیوی ہے‘‘۔
عامر لیاقت نے سیدہ طوبیٰ کے سوشل میڈیا پران کا نام ہٹاکر دوبارہ اپنے والد کا نام لگانے کی وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ خواتین کیوں شادی کے بعد اپنے نام کے ساتھ لگا والد کا نام ہٹاکر اپنے شوہر کا نام لگا لیتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں خوش ہوں کہ طوبیٰ نے میرے نظریے کو اپنایا اور میرے ہی کہنے پر اپنے نام کے ساتھ دوبارہ اپنے والد کا نام لگالیا۔
اس کےساتھ ہی عامر لیاقت نے سیدہ طوبیٰ کے آنے والے پروجیکٹ کے بارے میں بھی بتایا کہ وہ ان کے دوست بہروز سبزواری کے بیٹے شہروز سبزواری کے ساتھ کام کررہی ہیں اور وہ ان دونوں کے لیے بہت خوش ہیں اور دونوں کی کامیابی کے لیے دعا کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ سیدہ طوبیٰ نے چند روز قبل اپنے تمام سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر اپنے نام کے ساتھ عامر لیاقت کا نام تبدیل کرکے دوبارہ والد کا نام لگالیا تھا جس کے بعد ان کا نام تمام سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر ’’سیدہ طوبیٰ عامر‘‘ کی جگہ ’’سیدہ طوبیٰ انور‘‘ لکھا ہوا نظر آرہا ہے۔
اس کے علاوہ سیدہ طوبیٰ نے انسٹاگرام سے عامر لیاقت کی ساری تصاویر بھی ہٹادی ہیں ۔