
وزیراعلی پنجاب دھی رانی پروگرام : 150 مستحق جوڑوں کی اجتماعی شادیوں کی تقریب
مستحق خاندانوں، بالخصوص خصوصی افراد کی بیٹیوں کو ترجیح دینا ایک قابلِ قدر قدم ہے، جبکہ یہ پروگرام ہزاروں خاندانوں کے مالی بوجھ میں کمی کا باعث بنا ہے۔
انصار ذاہد سیال-پاکستان
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے دھی رانی پروگرام کے تحت لاہور میں 150 مستحق جوڑوں کی اجتماعی شادیوں کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔خوشیوں کے نئے سفر کا آغاز، مستحق خاندانوں کے لیے سہولت اور بیٹیوں کے بہتر مستقبل کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
تقریب میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، ایڈوائزر ٹو وزیراعلیٰ پنجاب علی ڈار اور صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ بخاری نے بطور مہمانانِ خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر و بیت المال پنجاب سہیل شوکت بٹ، رانا عابد حسین، اراکین اسمبلی اور دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے دھی رانی پروگرام کو وزیراعلیٰ پنجاب کا قابلِ تحسین اقدام قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ مستحق خاندانوں، بالخصوص خصوصی افراد کی بیٹیوں کو ترجیح دینا ایک قابلِ قدر قدم ہے، جبکہ یہ پروگرام ہزاروں خاندانوں کے مالی بوجھ میں کمی کا باعث بنا ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے نئے شادی شدہ جوڑوں کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ کامیاب ازدواجی زندگی کے لیے ضروری ہے کہ میاں بیوی ایک دوسرے کا ساتھ دیں، باہمی احترام اور تعاون کے ساتھ زندگی کے نئے سفر کا آغاز کریں۔
تقریب میں 21 اقلیتی جوڑوں سمیت 150 مستحق خاندانوں کی بیٹیوں نے اپنی زندگی کے نئے سفر کا آغاز کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے ہر دلہا اور دلہن کو 2 لاکھ روپے کی سلامی اے ٹی ایم کارڈ کی صورت میں پیش کی گئی۔
صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر و بیت المال پنجاب سہیل شوکت بٹ نے پروگرام کے بارے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ دھی رانی پروگرام کے تحت گزشتہ دو سال کے دوران 8 ہزار مستحق جوڑوں کی اجتماعی شادیاں منعقد کی جا چکی ہیں، جبکہ رواں مالی سال مزید 5 ہزار جوڑوں کی شادیوں کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے مستحق خاندانوں کے لیے اجتماعی شادیوں جیسے فلاحی اقدامات کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
تقریب میں سیکرٹری سوشل ویلفیئر و بیت المال پنجاب سائرہ عمر، ڈی جی سوشل ویلفیئر و بیت المال پنجاب ڈاکٹر شہنشاہ فیصل عظیم سمیت محکمہ سوشل ویلفیئر کے افسران اور ملازمین نے بھی شرکت کی۔



