پاکستان پریس ریلیزاہم خبریں

پنجاب بھر میں امن و امان قائم، معمولات زندگی رواں دواں – شرپسند عناصر کی ہڑتال کی کال ناکام

بعض شرپسند عناصر کی جانب سے دی گئی ہڑتال کی کال کو شہریوں اور تاجر برادری نے مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے

لاہور (نمائندہ خصوصی): پنجاب پولیس کے ترجمان کے مطابق صوبے بھر میں امن و استحکام کی فضا برقرار ہے، اور لاہور سمیت تمام بڑے شہروں میں زندگی کے تمام شعبے مکمل طور پر رواں دواں ہیں۔ مارکیٹیں، کاروباری مراکز، دفاتر، تعلیمی ادارے، بینک اور دیگر سرکاری و غیر سرکاری ادارے معمول کے مطابق کھلے ہوئے ہیں، جبکہ ٹریفک اور ٹرانسپورٹ نظام بھی بغیر کسی رکاوٹ کے جاری ہے۔
ترجمان نے کہا ہے کہ بعض شرپسند عناصر کی جانب سے دی گئی ہڑتال کی کال کو شہریوں اور تاجر برادری نے مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے۔ صوبے بھر میں کسی بھی جگہ کاروبارِ زندگی میں کوئی تعطل دیکھنے میں نہیں آیا، جس سے واضح ہوتا ہے کہ عوام نے افواہوں پر کان دھرنے کی بجائے ریاستی اداروں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی، ملتان، گوجرانوالہ، بہاولپور، سرگودھا اور دیگر شہروں کی مرکزی شاہراہیں، جی ٹی روڈ، موٹرویز، رنگ روڈز اور دیگر اہم سڑکیں ہر قسم کی ٹریفک کے لیے کھلی ہیں۔ پبلک ٹرانسپورٹ، بین الاضلاعی بس سروسز، اور میٹرو بس سروس بھی معمول کے مطابق چل رہی ہیں۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پنجاب پولیس شہریوں کی جان و مال، املاک اور کاروباری سرگرمیوں کے تحفظ کے لیے مکمل الرٹ ہے۔ مارکیٹوں، تجارتی مراکز، تعلیمی اداروں، سرکاری دفاتر، اور دیگر حساس مقامات پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے تاکہ امن و امان کی صورتحال کو ہر صورت یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شرپسند عناصر کی جانب سے کسی بھی قسم کی مہم جوئی یا پرتشدد سرگرمیوں کی صورت میں سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ایسے عناصر کے خلاف دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمات درج کیے جائیں گے، اور انہیں قانون کی گرفت میں لانے کے لیے سیف سٹیز اتھارٹی کے کیمروں، چہرہ شناختی ایپ، گاڑیوں کی رجسٹریشن پلیٹوں اور جدید آرٹیفیشل انٹیلیجنس ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا۔
ڈاکٹر عثمان انور نے عوام سے اپیل کی کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع قریبی پولیس اسٹیشن یا ہیلپ لائن 15 پر دیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس عوام کے تعاون سے صوبے کو ہر طرح کی انتشار پسندی سے پاک رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق اب تک صوبے کے کسی بھی حصے سے کسی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع نہیں ملی، اور امن و امان کی صورتحال مکمل طور پر قابو میں ہے۔
صوبائی حکومت اور پولیس کی موثر حکمت عملی اور بھرپور نگرانی کے باعث عوام نے اطمینان کا اظہار کیا ہے اور معمول کے مطابق اپنی روزمرہ سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button