
لیسکو نادرن سرکل میں چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز میاں حافظ محمد نعمان کی زیر صدارت کھلی کچہری کا انعقاد۔
اس کچہری میں سرکل کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے صارفین کی ایک بڑی تعداد کے ساتھ ساتھ میڈیا نمائندگان کی ایک بڑی تعداد نے بھی شرکت کی
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی):چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز میاں حافظ محمد نعمان کی زیر صدارت آج نادرن سرکل کے زیر اہتمام کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا جس میں ممبر بورڈ آف ڈائریکٹرز مجاہد اسلام باللہ، جہانزیب بدر، ڈائریکٹر کسٹمر سروسز رائے اصغر، چیف انجینئر او اینڈ ایم(ڈسٹری بیوشن) طاہر میؤ،،کنسلٹنٹ پبلک ریلیشنز افشاں مدثر، ایس ای نادرن عباس علی اورسرکل کے تمام ایکسئینز، ایس ڈی اوز اور ریوینیو افسران بھی موجود تھے۔ناردرن سرکل کے زیرانتظام ہونے والی اس کچہری میں سرکل کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے صارفین کی ایک بڑی تعداد کے ساتھ ساتھ میڈیا نمائندگان کی ایک بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔اس موقع پر سائلین سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرزحافظ میاں محمد نعمان کا کہنا تھا عوام کی سہولت کے لئے ہم نے پورے لیسکو ریجن میں کھلی کچہریوں کے انعقادکا جو سلسلہ شروع کیا ہے اس سے عوام کے مسائل کے فوری ازالے میں کافی مدد حاصل ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ لیسکو ڈھائی کروڑ سے زائد صارفین کو روشنی اور بجلی دینے کی ذمہ دار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم پاکستان میاں شہبازشریف کے وژن کے مطابق عوام الناس کی خدمت کے لئے ہم پیش پیش ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کو عام کی مشکلات کا اندازہ ہے جس میں کمی کے لئے عوام دوست پالیسیاں ترتیب دے رہے ہیں۔۔چیئرمین بی او ڈی حافظ میاں محمد نعمان نے کھلی کچہری میں صارفین کی شکایات سُنیں اور شکایات کے فی الفور ازالے کے لئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے اور اس بات کو بھی یقینی بنایا کہ کسی سائل کا مسئلہ باقی نہ رہے۔