صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم کی زیر قیادت اسرائیل کی جانب سے فلسطین پر مظالم کے خلاف ریلی کا انعقاد
صوبائی وزیر صحت کی اسرائیل کی جانب سے فلسطین کی معصوم انسانیت پر مظالم کی پُرزور مذمت عالم اسلام فلسطین میں مظالم کا نوٹس لے کر اسرائیل کی جانب سے جارحیت کو فی الفور بند کروائے اسرائیل کی بمباری سے فلسطین میں روزانہ کی بنیاد پر ہزاروں معصوم لوگ شہید ہو رہے ہیں آج پوری ڈاکٹر کمیونٹی فلسطینی بہن بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کر رہی ہے۔
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی): نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم کی زیر قیادت کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں اسرائیل کی جانب سے فلسطین پر مظالم کے خلاف ریلی کا انعقادکیاگیا۔اس موقع پروائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز، سی ای او میو ہسپتال پروفیسر ہارون حامد، چیف آپریٹنگ آفیسر میو ہسپتال پروفیسر احسن نعمان، پروفیسر ابرار اشرف، ڈاکٹر ممپال سنگھ، ڈاکٹرز، نرسز اور پیرامیڈیکس کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔
نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ ہم اسرائیل کی جانب سے فلسطین کی معصوم انسانیت پر مظالم کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔ عالم اسلام فلسطین میں مظالم کا نوٹس لے کر اسرائیل کی جانب سے جارحیت کو فی الفور بند کروائے۔ اسرائیل کی بمباری سے فلسطین میں روزانہ کی بنیاد پر ہزاروں معصوم لوگ شہید ہو رہے ہیں۔ صوبائی وزیرصحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ آج پوری ڈاکٹر کمیونٹی فلسطینی بہن بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کر رہی ہے۔ ہمارے پاس بندوقیں نہیں ادویات ہیں، ہم عملی طور پر صحت کی سہولیات فراہم کریں گے۔ پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ فوری طور پر میو ہسپتال میں بلڈ بینک اور امدادی کیمپ کا آغاز کیا جائے۔ جس نے جو دینا ہے اپنے فلسطینی بھائیوں کے لئے دے۔ ہم سب عملی طور پر وہاں پہنچ کر اپنے بہن بھائیوں کی خدمت کرنا چاہتے ہیں۔ریلی کے دوران فلسطینی مسلمانوں کے لئے دعا بھی کروائی گئی۔وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز نے کہاکہ آج ہم اپنے فلسطینی بہن بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کے لئے اکٹھے ہوئے ہیں۔ ان کے دکھ کا اعادہ ہم نہیں کر سکتے جن کے خاندان کے لوگ شہید ہوئے ہوں۔ہم چاہتے ہیں کہ حکومت کی طرف سے اجازت کی صورت میں عملی طور پر مدد کریں۔ سی ای او پروفیسر ڈاکٹر ہارون حامد نے کہاکہ بطور ڈاکٹر ہم سب فلسطین پر مظالم پر دکھی ہیں۔ فلسطینی ہسپتالوں پر بمباری انسانیت نہیں درندگی ہے۔