پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ پاکستان اگلے بیس سال بعد دنیا کا تیسرا بڑا ملک بننے جا رہا ہے
ہمیں پاکستانی عوام کو اسی تناسب سے صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرنا ہوں گی۔ انہوں نے کہاکہ پبلک ہیلتھ کا شعبہ لاکھوں افراد کی صحت کا ضامن ہوتا ہے
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی): نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم سے محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں یونیورسٹی آف مینیٹوبا کینیڈا کے وفد نے ملاقات کی۔اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر انسٹی ٹیوٹ آف گلوبل پبلک ہیلتھ کینیڈا جیمز بلینچرڈ، ڈائریکٹر سی ڈی سی پنجاب ڈاکٹر یداللہ و دیگر موجود تھے۔جیمز بیلنچرڈ نے اس موقع پر صحت کے شعبہ میں مزید بہتری کیلئے بریفنگ بھی دی۔
نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ صحت کے شعبہ میں بین الاقوامی سٹیک ہولڈرز اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے مجھے دنیا کے پانچ ممالک میں خدمت انسانیت کا موقع فراہم کیا ہے۔پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ پاکستان اگلے بیس سال بعد دنیا کا تیسرا بڑا ملک بننے جا رہا ہے۔ ہمیں پاکستانی عوام کو اسی تناسب سے صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرنا ہوں گی۔ انہوں نے کہاکہ پبلک ہیلتھ کا شعبہ لاکھوں افراد کی صحت کا ضامن ہوتا ہے۔صوبائی وزیرصحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ پاکستان سوسائٹی آف انٹرنل میڈیسن پوری دنیا میں ڈاکٹرز کمیونٹی کی نمائندگی کر رہی ہے۔ آپکا کلینک کے نام سے عوام کیلئے ایک بہترین مفت علاج گاہ کامیابی سے چلا رہے ہیں۔ نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے یونیورسٹی آف مینیٹوبا کینیڈا کے وفد کا آپکا کلینک کا بھی دورہ کروایا اور فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ایگزیکٹو ڈائریکٹر انسٹی ٹیوٹ آف گلوبل پبلک ہیلتھ جیمز بلینچرڈ نے کہاکہ آپکا کلینک عام عوام کیلئے علاج و معالجہ کی ایک بہترین سہولت ہے۔ جیمز بلینچرڈ نے پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم کی طبی خدمات کو سراہا۔