
حالیہ طوفانی بارشوں اور سیلاب میں این ایچ اے اپنے روڈ نیٹ ورک کو ٹریفک کیلئے فعال رکھنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لا رہا ہے،ترجمان نیشنل ہائی وے اتھارٹی
کاغان، گیتی داس کے مقام پر شدید برفباری کے باعث سڑک ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند ہو چکی ہے، برف ہٹانے کا کام موسم کی شدت کم ہونے پر شروع کیا جائیگا،رپورٹ
اسلام آباد پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی) ترجمان نیشنل ہائی اتھارٹی نے کہاہے کہ حالیہ شدید بارشوں اور سیلاب کے دنوں میں این ایچ اے انتظامیہ سڑکوں پر ٹریفک کو بحال رکھنے میں مصروف عمل ہے۔ جمعہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق چیئرمین این ایچ اے ارشد مجید مہمند کی ہدایات پر نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی تمام توانائیاں اور وسائل سڑکوں کی بحالی پر صرف کئے جا رہے ہیں۔
ترجمان نے بتایاکہ ملک کے بیشتر حصوں میں این ایچ اے نیٹ ورک ٹریفک کیلئے بحال ہے اس حوالے سے ملک بھر میں حساس مقامات پر این ایچ اے کا عملہ اور مشینری مصروف عمل ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ شاہراہِ قراقرم پر چند مقامات لینڈ سلائیڈنگ کے سبب بند ہیں۔ ترجمان کے مطابق پاک فوج کی مدد سے لینڈ سلائیڈنگ کا ملبہ صاف کیا جا رہا ہے، شاہراہ جلد ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بحال ہو جائیگی۔
ترجمان نے بتایاکہ گلگت بلتستان میں گیتی داس سے زیرو پوائنٹ (چلاس) کے مقام سے برف ہٹائی جا رہی ہے ،گلگت بلتستان کی باقی سڑکیں ٹریفک کے لئے کھلی ہیں اسی طرح خیبرپختونخواہ میں بیشتر شاہراہیں ٹریفک کے لئے بحال کی جا چکی ہیں۔ ترجمان کے مطابق کاغان- گیتی داس کے مقام پر شدید برفباری کے باعث سڑک ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند ہو چکی ہے، برف ہٹانے کا کام موسم کی شدت کم ہونے پر شروع کیا جائے گا۔
ترجمان نے بتایاکہ شمالی اور جنوبی بلوچستان میں این ایچ اے روڈ نیٹ ورک پر ٹریفک معمول کے مطابق رواں دواں ہے۔ترجمان نے بتایاکہ روڈ انفراسٹرکچر کو بہترین حالت میں رکھنے کے لئے این ایچ اے کے تمام علاقائی دفاتر میں کنٹرول رومز قائم کر دئیے گئے ہیں جہاں گردونواح کی موسمی اور شاہراتی صورتحال کی لمحہ بہ لمحہ معلومات کی مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔صورتحال کے مطابق اعلیٰ حکام ہدایات جاری کر رہے ہیںاس سلسلے میں عوام سے اپیل کی جاتی ہے کہ غیر ضروری طور پر خطرے سے دوچار علاقوں کی طرف سفر سے گریز کریں۔ این ایچ اے خراب موسمی حالات میں اپنے روڈ نیٹ ورک کو بحال رکھنے کیلئے تمام ضروری اقدامات کر چکا ہے، افسران اور فیلڈ عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئیں ہیں۔