اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

”کچھ نیا سوچ“ نوجوانوں کی تخلیقی صلاحیتوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہوگی، وزیراعلیٰ مریم نواز شریف

تخلیقی اور اختراعی سوچ سے مصنوعات اور سروسز کو عالمی منڈی میں قابل قبول بنا سکتے ہیں، جدت طرازی ترقی اور خوشحالی کی بنیاد ہے، دورہ حاضر کے چیلنجز پر قابو پانے، اقتصادی ترقی اور ایک پائیدار مستقبل کی تعمیر میں تخلیقی سوچ اور جدت طرازی کی طاقت کو سمجھنا چاہیے

لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی):‌وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستانی نوجوان تخلیقی صلاحیتوں سے مالامال ہیں۔حکومتی سرپرستی حاصل ہو تو ہمارے نوجوانوں اپنی تخلیقی صلاحیتوں سے دنیا کو حیران کر سکتے ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے یوم تخلیق و اختراع (Creativity&Innovation) پر خصوصی پیغام میں کہا کہ ”کچھ نیا سوچ“ نوجوان اپنی تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کریں، نئے آئیڈیاز تلاش کریں اور زندگی کے تمام پہلوؤں میں جدت کو اپنائیں۔ کچھ نیا تخلیق کرنے کی صلاحیت انسانوں کو قدرت کا تحفہ ہے۔تخلیقی صلاحیت میں تعلیم بنیادی کردار ادا کرتی ہے۔وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ لاہور میں قائم ہونے والے نواز شریف آئی ٹی سٹی سے نہ صرف روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے بلکہ نوجوانوں میں تخلیقی صلاحیتیں پروان چڑھیں گی۔ ترقی کرنی ہے تو اپنے نوجوانوں کی تخلیقی صلاحیتوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہوگی۔ پنجاب حکومت ملکی ترقی کے لئے نوجوانوں کی اختراعی سوچ کا خیر مقدم کرے گی۔ جدت طرازی پیداواری صلاحیت، بر آمدات، اور ملازمت کے مواقع فراہم کرتی ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ وہ ممالک جو جدید تحقیق اور ڈویلپمنٹ میں سرمایہ کاری کرتے ہیں وہ معاشی طور پرتیزی سے ترقی کررہے ہیں۔وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ تخلیقی صلاحیت وقت اور تبدیلی کے ساتھ پیدا ہونے والے مسائل کا حل ڈھونڈنے کیلئے انتہائی ضروری ہے۔سائنس، ٹیکنالوجی، میڈیکل سائنس، انجینئرنگ جیسے شعبوں میں تخلیقی صلاحیتوں سے انسان نے معجزات کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تخلیقی صلاحیتوں کی بدولت آئی ٹی، کمپیوٹر سائنس، مصنوعی ذہانت، اور روبوٹکس جیسے شعبوں میں ترقی کی منازل طے کیں۔مصنوعات کی تیاری اور خدمات کی فراہمی کو منافع بخش کاروبار بنانے کیلئے جدت طرازی انتہائی ضروری ہے۔کریٹیویٹی اور انوویشن سے ہی ہم اپنی مصنوعات اور سروسز کو عالمی منڈی میں قابل قبول بنا سکتے ہیں۔ تخلیقی صلاحیتیں اور جدت طرازی ترقی اور خوشحالی کی بنیاد ہیں۔مریم نواز شریف نے کہا کہ ہمیں چیلنجز پر قابو پانے، اقتصادی ترقی اور ایک پائیدار مستقبل کی تعمیر میں تخلیقی سوچ اور جدت طرازی کی طاقت کو سمجھنا چاہیے۔ اقتصادی ترقی، سماجی بہبود، وسائل کے بہتر استعمال اور ایک مستحکم معاشرے کی تشکیل کے لیے جدت طرازی کی طاقت کا استعمال کرنا چاہیے۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

Back to top button