صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے نشتر 2 ہسپتال ملتان کا دورہ کیا
انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب سمیت دور درازعلاقوں سے آئے مریضوں کے علاج معالجے کےلئے یہاں تمام سہولیات میسر کی گئی ہیں
ملتان پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی): صوبائی وزیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے جمعہ کے روز نشتر 2 ہسپتال ملتان کا دورہ کیا۔اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نشتر 2 ہسپتال جنوبی پنجاب کے عوام کے لئے ایک بہترین علاج گاہ ہےجس کی تعمیر پر 10 ارب روپے لاگت آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب سمیت دور درازعلاقوں سے آئے مریضوں کے علاج معالجے کےلئے یہاں تمام سہولیات میسر کی گئی ہیں۔
صوبائی وزیر نشتر 2 ہسپتال کے مختلف شعبوں کا معائنہ کرتے ہوئے او پی ڈی گئے اور وارڈز میں جاکر مریضوں کی تیمارداری بھی کی۔انہوں نے طبی سہولیات کی فراہمی کا جائزہ لیتے ہوئے مریضوں سے طبی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا جس پر مریضوں نے اطمینان کا اظہار کیا۔
انہوں نے نشتر 2 ہسپتال کے حوا لے سے تفصیلی بریفنگ بھی لی ۔ سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر افضل ناصر نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ نشتر 2 ہسپتال میں روزانہ 1100 سے زائد مریض علاج کے لیے آ رہے ہیں،بہترین طبی سہولیات کی فرا ہمی کی بدولت نشتر 2 ہسپتال کی طرف مریضوں کا رجحان بھی بڑھ رہا ہے۔
اس موقع پر وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر مہناز خاکوانی ،ایم ایس نشتر 2 ہسپتال ڈاکٹر صائمہ بتول سو مرو، ایڈیشنل ایم ایس ڈاکٹر عبدالرحمن بھی موجود تھے۔