پنجاب حکومت کا پنجاب روزگار اسکیم میں تیزی لانے کا فیصلہ
اسکیم کے تحت 6045 لوگوں میں 14ارب روپے سے زائد قرضے تقسیم کئے جا چکے، بزنس فسیلیٹیشن سینٹرز کا دائرہ کار دیگر شہروں تک بڑھا نے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیرصنعت وتجارت چودھری شافع حسین
پاکستان لاہور (نمائندہ وائس آف جرمنی) پنجاب حکومت نے پنجاب روزگار اسکیم میں تیزی لانے کا فیصلہ کرلیا ہے، وزیرصنعت وتجارت چودھری شافع حسین نے کہا کہ اسکیم کے تحت چودہ ارب روپے سے زائد قرضے تقسیم کئے جا چکے۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا۔محکمہ صنعت و تجارت کے کمیٹی روم میں منعقدہ اجلاس میں سیکرٹری انڈسٹریز احسان بھٹہ، ایم ڈی پیسک سدرہ یونس،سینئر اکنامک ایڈوائزر جاوید اقبال، پنجاب بنک کے حکام اور متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس میں پنجاب روزگار سکیم سمیت پیسک کی قرضوں کی دیگر سکیموں پرپیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ خواتین سرمایہ کاروں کو بلاسود قرضوں کی فراہمی اور قرض سکیموں کو اسلامک بنکنگ پر چلانے کا بھی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں پنجاب روزگار سکیم میں تیزی لانے کا بھی فیصلہ ہوا۔
صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں معاشی سرگرمیاں بڑھانے کے ہر ضروری اقدام کیا جا رہا ہے۔
سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے موثر حکمت عملی اپنائی گئی ہے۔سرمایہ کاروں کو بزنس فسیلیٹیشن سینٹرز کے ذریعے ایک ہی چھت تلے سہولتیں دے رہے ہیں۔بزنس فسیلیٹیشن سینٹرز کا دائرہ کار دیگر شہروں تک بڑھا نے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اسلامک بنکنگ کی جانب بڑھنا ہے اور پنجاب روزگار سکیم کو اسلامک بینکنگ پر لانے کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے کہا کہ پنجاب بنک کے حکام نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ پنجاب روزگار سکیم کے تحت اب تک 6045 لوگوں میں 14ارب روپے سے زائد کے آسان قرضے تقسیم کئے جا چکے۔