پاکستان: قصور میں چربی پگھلانے والے 22یونٹس کو مسمار کر دیا
فیکٹر ی مالکان غیر قانونی کڑاہوں کے نیچے پلاسٹک، ریگزین کے ٹکڑے، گندے کپڑے، پرانے جوتے اور ربڑ وغیرہ جلاتے تھے جو ماحولیاتی آلودگی کا باعث بن رہا تھا
پاکستان قصور (نمائندہ وائس آف جرمنی): اسسٹنٹ کمشنر قصور عطیہ عنایت مدنی اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر ماحولیات انجینئر محمد عمران نے چربی پگھلانے والے 22یونٹس کو مسمار کر دیا۔ تفصیلات کیمطابق اسسٹنٹ کمشنر قصور عطیہ عنایت مدنی اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر ماحولیات قصور انجینئر محمد عمران نے ماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے والے یونٹس /کارخانوں کیخلاف سخت کاروائی کرتے ہوئے شہر میں نیاز نگر کے علاقہ میں چربی پگھلانے والی 22بھٹیوں کو مسمار کر دیا ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا تھا کہ فیکٹر ی مالکان غیر قانونی کڑاہوں کے نیچے پلاسٹک، ریگزین کے ٹکڑے، گندے کپڑے، پرانے جوتے اور ربڑ وغیرہ جلاتے تھے جو ماحولیاتی آلودگی کا باعث بن رہا تھا تا ہم چربی پگھلانے والے یونٹ مالکان کو گزشتہ دوماہ سے نوٹسز جاری کئے گئے تھے لیکن اس کے باوجود مذکورہ یونٹس کام کر رہے تھے جس پر کاروائی کرتے ہوئے انہیں مسمار کر دیا گیا ہے۔ انکا مزید کہنا تھا کہ ایسے یونٹس جو آلودگی کا باعث بن رہے ہیں ان کیخلاف مستقبل میں بھی یہ کاروائیاں جاری رہینگی۔