گرو نانک دیو جی کے جنم دن کی تقریبات کے سلسلے میں 19نومبر کو کرتار پور میں ایک روزہ انٹرنیشنل کبڈی فیسٹیول کا انعقاد
صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ نے ہندو کمیونٹی کو دیوالی کی مبارکباد دی اور کہا کہ پہلی مرتبہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے دیوالی کو سرکاری سطح پر مناکر اقلیت دوست ہونے کا ایک اور ثبوت دیا اور امن کا دیا جلاکر دنیا بھر کو امن و محبت کا پیغام دیا
لاہور(نمائندہ خصوصی): سکھ مذہب کے راہنما بابا گرو نانک دیو جی کے جنم دن کی تقریبات کے سلسلے میں 19نومبر کو کرتار پور میں ایک روزہ انٹرنیشنل کبڈی فیسٹیول کا انعقاد کیا جائے گا جس میں بھارت کی کبڈی ٹیم بھی شرکت کرے گی کبڈی ڈپلومیسی سے پاکستان اور بھارت کے مابین ڈائیلاگ کی راہ ہموار ہوگی۔
اس امر کا اعلان آج صوبائی وزراءچوہدری شافع حسین،رمیش سنگھ اروڑہ اور فیصل ایوب نے ڈی جی پی آر آفس میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے کہا کہ چوہدری ظہور الٰہی شہید نے کبڈی کے کھیل کے فروغ کیلئے موثر اقدامات کئے اور پہلی بار پاکستان کی کبڈی کی ٹیم اپنے اخراجات پر کینیڈا بھجوائی۔سابق وزیر اعظم چوہدری شجاعت حسین کبڈی فیڈریشن کے صدر بنے تو انہوں نے اس روایتی کھیل کے فروغ کیلئے شاندار اقدامات کئے اور یہاں کبڈی کا ایشیائی کپ کا انعقاد کرایا،میں کبڈی فیڈریشن کا صدر بنا تو سال 2020میں کبڈی کے عالمی کپ کا انعقاد کرایا اور پاکستان کبڈی کا عالمی چیمپئن بنا۔کبڈی کے عالمی کپ میں انڈیا،آسٹریلیا،ایران سمیت سات ممالک نے حصہ لیا۔صوبائی وزیر نے کہا جب کبڈی کا عالمی کپ کرایا گیا تو اس وقت بھی بھارت میں مودی سرکار تھی،بھارتی کھلاڑیوں پر ٹورنامنٹ میں شرکت پر مقدمات درج ہوئے جو چوہدری شجاعت حسین کی کاوشوں سے ختم ہوئے۔انہوں نے کہا قوی امید ہے کہ انڈین گورنمنٹ کھلاڑیوں کو ویزے جاری کرے گی اور اس کبڈی ڈپلومیسی کے ذریعے دونوں ممالک میں ڈائیلاگ کا عمل شروع کرنے میں مدد ملے گی۔چوہدری شافع حسین نے بتایا کہ وہ بحیثیت صدر پاکستان کبڈی فیڈریشن اس فیسٹیول کے لیے بھارتی کبڈی فیڈریشن کو خط لکھ چکے ہیں اور امید ہے کہ تمام معاملات خوش اسلوبی سے حل ہو جائیں گے اور سیکیورٹی ودیگر معاملات پر بھی تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جا چکا ہے۔
صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ نے ہندو کمیونٹی کو دیوالی کی مبارکباد دی اور کہا کہ پہلی مرتبہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے دیوالی کو سرکاری سطح پر مناکر اقلیت دوست ہونے کا ایک اور ثبوت دیا اور امن کا دیا جلاکر دنیا بھر کو امن و محبت کا پیغام دیا۔ مریم نواز خواہاں ہیں کہ سموگ کے خاتمہ کے لیے بھارتی پنجاب کے وزیراعلی کو خط لکھیں کیونکہ اس اہم مسلے سے مل کر ہی نمٹا جاسکتا ہے ،وزیر اعلیٰ چاہتی ہیں ہیں کہ بھارت کے ساتھ کھیلوں کو فروغ دیکر امن کی طرف مزید قدم بڑھایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ بابا گرو نانک دیو کی سالگرہ کی تقریبات میں شرکت کے لیے دنیا بھر سے 70 ہزار سے زائد سکھ یاتری پاکستان آئیں گے اور 19 نومبر کو کرتارپور میں کبڈی فیسٹیول میں بھی شرکت کریں گے۔انہوں نے کہا کہ کرتار پور محبت اور کرتار پور راہداری امن کی دھرتی اور ملانے والی جگہ ہے،یہاں انٹرنیشنل کبڈی فیسٹیول کے انعقاد سے دنیا بھر میں پاکستان کے مثبت امیج کا پیغام جائے گا۔انہوں نے کہا کہ غربت ہمارا مشترکہ چیلنج ہے جس سے ملکر نمٹنا ہوگا۔صوبائی وزیر فیصل ایوب کھوکھر نے اپنے خطاب میں کہا کہ پنجاب بھر میں یوتھ فیسٹیول کے لیے سوا لاکھ نوجوانوں کو رجسٹرڈ کیا جا چکا ہے اور کل سے باقاعدہ طور پر فیسٹیول شروع ہو نے جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کبڈی میچ کے لیے مختلف اضلاع میں بسیں چلائی جائیں گی اور کوشش ہوگی کی پبلک کی بڑی تعداد کبڈی میچ میں موجود ہو۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کھیلوں کے ذریعے دلوں کو جوڑنے کی بھرپور کوشش کی جا رہی ہے اور بھارتی اسپورٹس منسٹر کو بھی دعوت دیتے ہیں کہ وہ پاکستان تشریف لائیں اور فیسٹیول کو رونق بخشیں۔انہوں نے کہا کہ کھیل دونوں ممالک کو قریب لانے میں معاون ثابت ہوں گے۔