نوجوان نہ صرف مستقبل کے لیڈر ہیں بلکہ تبدیلی کے موجودہ محرک بھی ہیں، سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان
انتہا پسندی اور عدم برداشت کے خاتمے کے لیے نوجوانوں کو پالیسی سازی کا حصہ بنانا وقت کی ضرورت ہے
لاہور: سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے 18ویں یوتھ پارلیمنٹ پاکستان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نوجوانوں کے کردار کو پاکستان کے مستقبل کی تعمیر میں کلیدی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ”پاکستان کے نوجوان غیر معمولی صلاحیتوں کے حامل ہیں، جو نہ صرف قومی بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی نمایاں کردار ادا کر سکتے ہیں۔”سپیکر نے اجلاس کے دوران کہا کہ نوجوان نہ صرف مستقبل کے لیڈر ہیں بلکہ تبدیلی کے موجودہ محرک بھی ہیں۔ ”ہم نوجوانوں کو وہ پلیٹ فارم مہیا کرنا چاہتے ہیں جہاں وہ اپنے خیالات اور تجاویز پیش کر سکیں،اجلاس یورپی یونین، یو این او ڈی سی (UNODC)، اور نیکٹا (NACTA) کے اشتراک سے پنجاب اسمبلی کے اولڈ سیشن ہال میں ”پاکستان میں دہشت گردی کی روک تھام” کے منصوبے کے تحت منعقد کیا گیا، جس میں پاکستان کے تمام حلقوں، آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان، اور بیرون ملک مقیم پاکستانی نوجوانوں نے شرکت کی۔سپیکرملک محمد احمد خان نے کہا کہ انتہا پسندی اور عدم برداشت کے خاتمے کے لیے نوجوانوں کو پالیسی سازی کا حصہ بنانا وقت کی ضرورت ہے۔تعلیم، بے روزگاری، اور ماحولیاتی مسائل پر نوجوانوں کے کردار کی اشد ضرورت ہے تاکہ ہم ایک پرامن اور ترقی یافتہ پاکستان کی تعمیر کر سکیں۔سپیکر نے اس بات پر زور دیا کہ ”ہمیں نوجوانوں کی توانائیوں کو تعمیری سمت میں لگانا ہوگا۔ یہ نسل ہمارے جمہوری مستقبل کے ضامن ہیں اور پاکستان کی ایک تہائی آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، جو ہمارے ملک کی ترقی کے لیے ایک اہم اثاثہ ہیں۔”ملک محمد احمد خان نے کہا، ”پنجاب اسمبلی نوجوانوں کو پالیسی سازی میں شمولیت کے مواقع فراہم کر رہی ہے تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو جمہوری عمل میں اجاگر کر سکیں۔ یہ یوتھ پارلیمنٹ ان کے لیے ایک بہترین پلیٹ فارم ہے۔”انہوں نے مزید کہا کہ ”یہ ہال جہاں آج نوجوان بیٹھے ہیں، یہی وہ جگہ ہے جہاں بارہ کروڑ عوام کے مستقبل کے فیصلے ہوتے ہیں۔”
اجلاس کے اختتام پر سپیکر نے نوجوان اراکین کی جانب سے دی گئی تجاویز کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی شرکت پاکستان کے امن اور ترقی کی راہ ہموار کرے گی۔