پنجاب اسمبلی میں کرسمس ڈے کے موقع پر ایک شاندار اور تاریخی تقریب، کرسمس ٹری کی تنصیب اور خصوصی کرسمس کارنر کاانعقاد۔
یہ نہ صرف ایک جشن ہے بلکہ پنجاب اسمبلی کی تاریخ کا ایک اہم لمحہ بھی ہے۔ ہم تمام مذہبی کمیونٹیوں کی خدمات کو تسلیم کرتے ہیں اور صوبے میں اتحاد و خیرسگالی کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہیں۔ڈپٹی سپیکرپنجاب اسمبلی
(سید عاطف ندیم.پاکستان)پنجاب اسمبلی میں کرسمس ڈے کے موقع پر ایک شاندار اور تاریخی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب میں خصوصی کرسمس کارنر سجایا گیا اور ایک خوبصورت کرسمس ٹری نصب کیا گیا۔ تقریب کا اہتمام یوتھ ڈیولپمنٹ فاؤنڈیشن نے پنجاب اسمبلی کے پارلیمنٹری ڈیولپمنٹ یونٹ کے تعاون سے کیا۔تقریب کے مہمان خصوصی ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی ملک ظہیر اقبال چنڑ تھے، جبکہ صوبائی وزیر ذیشان رفیق، ممبران اسمبلی سمیع اللہ خان، رانا محمد ارشد، سیکرٹری جنرل چوہدری عامر حبیب، اور پارلیمانی سیکرٹری برائے انسانی حقوق و اقلیتی امور سونیا عاشر نے بھی شرکت کی۔تقریب میں بشپ آف لاہور ندیم کامران، نوخیز کھوکھر اور دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔اس موقع پر ڈپٹی سپیکر ملک ظہیر اقبال چنڑ نے کہا کہ یہ نہ صرف ایک جشن ہے بلکہ پنجاب اسمبلی کی تاریخ کا ایک اہم لمحہ بھی ہے۔ ہم تمام مذہبی کمیونٹیوں کی خدمات کو تسلیم کرتے ہیں اور صوبے میں اتحاد و خیرسگالی کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہیں۔ پارلیمانی سیکرٹری سونیا عاشر نے کہاکہ پہلی بار پنجاب اسمبلی میں کرسمس کا اتنے بڑے پیمانے پر جشن منایا جا رہا ہے۔ مذہبی اقلیتوں کو معاشرے کا اہم حصہ تسلیم کرنا ہمارے عزم کا اظہار ہے۔بشپ آف لاہور ندیم کامران نے تقریب کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ یہ جشن مذہبی اقلیتوں کے لیے امید کا پیغام ہے اور حکومت کے مساوات اور سماجی ہم آہنگی کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔تقریب میں نوخیز کھوکھر نے کہا کہ یہ جشن اقلیتوں کے حوصلے کو بڑھائے گا اور سماجی ہم آہنگی کو مضبوط کرے گا۔یہ تقریب پنجاب اسمبلی کی طرف سے بین المذاہب ہم آہنگی اور معاشرتی اتحاد کے فروغ کی جانب ایک تاریخی اقدام کے طور پر یاد رکھی جائے گی۔