
خیمے پر اسرائیلی بمباری، غزہ میں یحییٰ سنوار کے دوسرے بھائی بھی قتل
محمد سنوار یحییٰ سنوار کی ہلاکت کے بعد حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ کی قیادت کر رہے تھے
ذرائع نے آج پہلے جنوبی غزہ کی پٹی میں خان یونس میں حماس کے سابق رہنما یحییٰ سنوار کے بھائی محمد سنوار کا جسد خاکی ملنے کی تصدیق کی تھی، اب ان کے دوسرے بھائی زکریا کے قتل ہونے کی اطلاع آئی ہے۔
ذرائع نے زکریا سنوار کے اپنے بیٹوں کے ساتھ قتل ہونے کی بھی نشاندہی کی ہے جو غزہ کی اسلامی یونیورسٹی میں جدید اور معاصر تاریخ کے پروفیسر تھے۔ اسی طرح واضح کیا گیا کہ وہ گذشتہ روز ہفتہ کو النصیرات میں اسرائیلی فوج نے ان کے خیے پر بمباری کی تھی ، وہ اس بمباری میں جان سے گئے۔
ذرائع نے اتوار کو پہلے بتایا تھا کہ خان یونس بریگیڈ کے کمانڈر محمد سنوار کے مارے جانے کی تصدیق ہو گئی ہے۔ محمد سنوار یحییٰ سنوار کی ہلاکت کے بعد حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ کی قیادت کر رہے تھے۔ انہیں خان یونس کے مشرق میں یورپی ہسپتال کے اطراف میں اسرائیلی فضائی حملوں میں چند روز قبل نشانہ بنایا گیا تھا۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ رفح بریگیڈ کے کمانڈر محمد شبانہ بھی محمد سنوار کے ساتھ فضائی حملوں میں مارے گئے۔
اسرائیلی براڈکاسٹنگ کارپوریشن نے گذشتہ بدھ کو ایک فوٹیج نشر کی تھی جس میں خان یونس میں غزہ کے یورپی ہسپتال کے نیچے ایک ٹھکانے پر حملے کے لمحے کو دکھایا گیا تھا، اور دعویٰ کیا تھا کہ محمد سنوار اس میں موجود تھا۔ اسرائیلی ذرائع نے اس وقت زور دیا تھا کہ سکیورٹی اسٹیبلشمنٹ ابھی تک اس مقام پر موجود شخص اور کیا سنوار واقعی مارا گیا ہے اس بارے میں مختلف تفصیلات اور معلومات جمع کر رہی ہے۔
یاد رہے محمد سنوار حماس کے عسکری ونگ کے کمانڈر اس وقت بنے جب اسرائیل نے گذشتہ سال اکتوبر 2024 میں ان کے بھائی یحییٰ سنوار اور جولائی 2024 میں محمد ضیف کو اسرائیل نے فنا کے گھاٹ اتار دیا تھا۔ ان دونوں کو سات اکتوبر 2023 کے حملوں کا ماسٹر مائنڈ سمجھا جاتا ہے۔