
شزا فاطمہ خواجہ سے مصری سفیر کی ملاقات، ڈیجیٹل تعاون پر تفصیلی گفتگو
مصر پاکستان کے ساتھ 5G، فن ٹیک، اور مشترکہ تربیتی پروگرامز کے آغاز میں دلچسپی رکھتا ہے
(سید عاطف ندیم-پاکستان):وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ خواجہ سے پاکستان میں تعینات مصری سفیر ڈاکٹر ایہاب محمد عبد الحمید حسن نے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان سائبر سکیورٹی، میری ٹائم کیبلز، 5G ٹیکنالوجی، فن ٹیک، تربیتی پروگرامز اور تعلیمی وظائف سمیت مختلف آئی ٹی شعبوں میں تعاون پر گفتگو کی گئی۔
ملاقات کے دوران شزا فاطمہ خواجہ نے کہا کہ پاکستان اور مصر کے درمیان کئی شعبوں میں مماثلتیں ہیں جو باہمی شراکت داری کی مضبوط بنیاد فراہم کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کا "ڈیجیٹل پاکستان وژن” مصر کے نیشنل ڈیجیٹائزیشن ایجنڈے اور آؤٹ سورسنگ اہداف سے ہم آہنگ ہے۔
مصری سفیر نے دوطرفہ تعاون کے فروغ کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ مصر پاکستان کے ساتھ 5G، فن ٹیک، اور مشترکہ تربیتی پروگرامز کے آغاز میں دلچسپی رکھتا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان نے سائبر سکیورٹی کے میدان میں عالمی سطح پر کامیابیاں حاصل کی ہیں، پاکستانی ہیکاتھون مقابلے بین الاقوامی سطح پر سراہا جا چکے ہیں۔ انہوں نے مصری نوجوانوں کو ان مقابلوں میں شرکت کی دعوت دی۔
شزا فاطمہ خواجہ نے کہا کہ پاکستان سات سب میرین کیبلز کے ذریعے دنیا سے منسلک ہے، اور مستقبل میں مصر کے ساتھ ٹیلی کام رابطوں کو مزید مضبوط کرنے کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان مشرق کو وسطی ایشیا سے جوڑتا ہے جبکہ مصر دنیا سے رابطے کا اہم ذریعہ ہے، اس اسٹریٹجک مقام کو دونوں ممالک کو باہمی فائدے کے لیے استعمال کرنا چاہیے۔