
ڈی پی اے کے ساتھ
یہ رقم جرمنی کی کسی عدالت کی جانب سے کیتھولک چرچ میں جنسی زیادتی کا شکار ہونے والے کسی فرد کو دیا جانے والا اب تک کا سب سے بڑا ہرجانہ ہے۔ کولون کی اعلیٰ علاقائی عدالت کے مطابق اس سے قبل سب سے زیادہ ہرجانے کی رقم 3 لاکھ یورو تھی۔
عدالت کی جانب سے مقرر کردہ 5 لاکھ 50 ہزار یورو کی رقم میں سے 3 لاکھ 60 ہزار یورو منہا کیے جائیں گے، جو کیتھولک چرچ کے آزاد کمیشن برائے ادائیگیِ معاوضہ پہلے ہی متاثرہ خاتون کو ادا کر چکا ہے۔
خاتون نے کم از کم 8 لاکھ 30 ہزار یورو ہرجانے کا مطالبہ کرتے ہوئے مقدمہ دائر کیا تھا۔ کولون کی علاقائی عدالت نے ابتدائی طور پر ان کا دعویٰ مکمل طور پر مسترد کر دیا تھا۔
معاملہ کیا تھا؟
عدالت میں یہ بات ثابت ہو گئی کہ خاتون کو 1970 اور 1980 کی دہائیوں میں،جب وہ کم سن تھیں ، ایک پادری نے شدید جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔ جبکہ وہ پادری کی منہ بولی بیٹی بھی تھیں۔ مذکورہ پادری کو 2022 میں 12 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔
تاہم کولون کی علاقائی عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا تھا کہ آرچ بشپ کو پادری کے جرائم کا ذمہ دار نہیں ٹھہرایا جا سکتا، کیونکہ اس نے یہ جرائم ”کم و بیش ایک نجی فرد کی حیثیت سے‘‘ انجام دیے تھے۔
متاثرہ خاتون نے اس فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی، جس پر اعلیٰ علاقائی عدالت نے اہم نکات پر ان کے حق میں فیصلہ سنایا۔

چرچ کی ذمہ داری کی آڑ میں جرائم کا ارتکاب
مقدمے کی سماعت کرنے والے جج رالف پیٹر سوسنا نے کہا کہ پادری نے خاتون سے اس وقت اپنے کلیسائی فرائض کی آڑ میں جنسی تعلق قائم کیا تھا، جب وہ ڈیکن تھا اور اسے اپنی زیرِ کفالت بیٹی بنایا۔
سوسنا کے مطابق پادری کو چرچ میں ڈیکن کے طور پر اپنے عہدے اور مرتبے کو استعمال کرتے ہوئے بچوں کو اپنی زیرِ کفالت رکھنے کی اجازت حاصل کی تھی۔
نچلی عدالت کے برعکس اعلیٰ علاقائی عدالت نے پادری کی کلیسائی سرگرمیوں اور اس کی جانب سے کی جانے والی جنسی زیادتی کے درمیان تعلق تسلیم کیا۔
ججوں کے پینل نے اس فیصلے کے خلاف مزید اپیل کی اجازت بھی نہیں دی۔



