پاکستان پریس ریلیز

پنجاب میں بجٹ ترقی کے نئے ریکارڈ قائم کرے گا،مریم اورنگزیب

وزیراعلیٰ مریم نواز نے پہلی بار عوام کے سامنے شفافیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے بتایا کہ عوام کا پیسہ کہاں کہاں خرچ کیا گیا ہے

لاہور(نمائندہ خصوصی):‌پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب اور وزیر خزانہ مجتبی شجاع الرحمان نے صوبے کے نئے مالی سال کے ٹیکس فری بجٹ کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس بجٹ میں ریکارڈ ترقیاتی فنڈز مختص کیے گئے ہیں، جن کا ہدف تعلیم، صحت، زراعت سمیت تمام اہم شعبوں کی ترقی ہے۔ دونوں وزراء نے اس موقع پر کہا کہ پنجاب میں یہ بجٹ ترقی کے نئے ریکارڈ قائم کرے گا۔
وزیر خزانہ مجتبی شجاع الرحمان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے بتایا کہ یہ بجٹ مریم نواز شریف کی قیادت میں تاریخی اہمیت کا حامل ہے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق اس بجٹ میں ترقیاتی فنڈز گزشتہ مالی سال کی نسبت 47 فیصد زائد ہیں، جو صوبے کی ترقی کی عکاسی کرتے ہیں۔
سینئر وزیر نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے پہلی بار عوام کے سامنے شفافیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے بتایا کہ عوام کا پیسہ کہاں کہاں خرچ کیا گیا ہے۔ نئے مالی سال کے بجٹ میں تعلیم، صحت اور زراعت کے شعبوں پر خصوصی توجہ دی گئی ہے تاکہ ان میں معیاری بہتری لائی جا سکے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی جیسے سنگین مسئلے سے نمٹنے کے لیے بھی اقدامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ "اپنا گھر، اپنی چھت”، لیپ ٹاپ، اسکالرشپ اور کسان کارڈ سمیت دیگر سہولیات اور اسکیمیں جاری رہیں گی تاکہ عوام کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا سکے۔
وزیر خزانہ مجتبی شجاع الرحمان نے بتایا کہ ترقیاتی بجٹ کو بڑھا کر 842 ارب سے 1240 ارب روپے کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر اس سال بھی کوئی نیا ٹیکس عائد نہیں کیا گیا بلکہ نان ٹیکس ریونیو اور ٹیکس نیٹ میں اضافہ کیا گیا ہے۔
دونوں وزراء نے کہا کہ یہ بجٹ خاص طور پر عام آدمی کی ترقی کے جذبے سے تیار کیا گیا ہے، تاکہ ترقی کے ثمرات شہروں کے ساتھ ساتھ دیہی علاقوں اور گاؤں گاؤں تک بھی پہنچ سکیں-

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button