انٹرٹینمینٹ

نیشنل یوتھ والنٹیئر نیٹ ورک (NYVN) پنجاب کی تربیتی ورکشاپ کا انعقاد، نوجوانوں کا ماحولیاتی تبدیلی اور سماجی شمولیت کے لیے عملی اقدام کا عزم

یہ تربیتی ورکشاپ نہ صرف نوجوانوں کو سماجی اور ماحولیاتی تبدیلی کے لیے تیار کرنے کا اہم موقع ہے بلکہ یہ اس بات کا ثبوت بھی ہے کہ نوجوان نسل مثبت تبدیلی کی طاقت بننے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔

لاہور نمائندہ وائس آف جرمنی: نیشنل یوتھ والنٹیئر نیٹ ورک (NYVN) پنجاب چیپٹر نے وی ایس او (VSO) کے اشتراک سےبرگد آفس لاہور میں ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا، جس میں پنجاب بھر سے منتخب 30 نوجوانوں نے شرکت کی۔ ورکشاپ کا انعقاد برگد کے ہیڈ آفس میں کیا گیا جہاں نیشنل یوتھ والنٹیئر نیٹ ورک کے ممبران نے "گلوبل والنٹیئرنگ اسٹینڈرڈز” اور "سماجی احتساب” کے موضوعات پر تفصیلی سیشنز پیش کیے۔ اس ورکشاپ کا مقصد نوجوانوں کو ماحولیاتی تبدیلی، سماجی شمولیت، سماجی احتساب اور امن کے فروغ جیسے اہم موضوعات پر آگاہی اور عملی تربیت فراہم کرنا تھا۔
ورکشاپ میں معذور، خواجہ سرا اور اقلیتی پس منظر سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کی بھرپور شرکت نے سماجی شمولیت کے تصور کو اجاگر کیا۔ اس اہم موقع پر نوجوان شرکاء نے کپڑے کے تھیلوں پر پینٹنگ کرتے ہوئے یہ عہد کیا کہ وہ One-Time پلاسٹک کا استعمال ترک کر کے موسمیاتی تبدیلی کے خلاف مؤثر کردار ادا کریں گے اور دیگر نوجوانوں کو بھی اس سلسلے میں شعور دیں گے۔
ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے برگد کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر اور نیشنل ایڈولسینٹ اینڈ یوتھ پالیسی کی فوکل پرسن صبیحہ شاہین نے کہا کہ یہ تربیتی ورکشاپ نہ صرف نوجوانوں کو سماجی اور ماحولیاتی تبدیلی کے لیے تیار کرنے کا اہم موقع ہے بلکہ یہ اس بات کا ثبوت بھی ہے کہ نوجوان نسل مثبت تبدیلی کی طاقت بننے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بھر کے نوجوانوں کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک جامع قومی پالیسی تشکیل دی جارہی ہے۔ یہ پالیسی "نوجوانوں کے لیے، نوجوانوں کے ذریعے” کے اصول پر مبنی ہوگی اور اس کا مرکز 4Es فریم ورک یعنی تعلیم، روزگار، شمولیت، اور ماحولیات ہوگا۔
اس موقع پر نیشنل یوتھ کونسل (NYC) کے اراکین زینب اقبال نے ڈیجیٹل یوتھ ہب کے استعمال اور اس کے فوائد سے آگاہ کیا جبکہ اسد اللہ نے نوجوانوں کو حکومتی یوتھ پروگرامز میں شمولیت کی ترغیب دی۔ بختاور احمد نے شرکاء کو بتایا کہ نیشنل یوتھ کونسل 15 سے 29 سال کی عمر کے نوجوانوں پر مشتمل پاکستان کی نمائندہ کونسل ہے، جسے وزیراعظم شہباز شریف کی سرپرستی حاصل ہے اور اسکے چیئرپرسن رانا مشہود ہیں۔
شرکاء کو رول پلے سرگرمیوں کے ذریعے عملی تربیت دی گئی جبکہ ماحولیاتی تحفظ، امن اور معذور افراد کی شمولیت سے متعلق موضوعات پر بھرپور شرکت کا موقع ملا تاہم ورکشاپ کے اختتام پر شرکاء کو اسناد بھی پیش کی گئیں۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button