
راولپنڈی (15 اگست 2025): پاکستان کی مسلح افواج نے ملک کے 78ویں یوم آزادی کے پُرمسرت موقع پر قوم کو دلی مبارکباد پیش کی ہے اور آزادی کی جدوجہد میں قربانیاں دینے والے عظیم رہنماؤں اور سپاہیوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ مسلح افواج کی اعلیٰ قیادت نے اس موقع پر جاری ایک مشترکہ بیان میں قومی اتحاد، خودمختاری، آئین کی بالادستی اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا ہے۔
بیان میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، NI (M)، چیف آف آرمی سٹاف، جنرل ساحر شمشاد مرزا، NI (M)، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، ایڈمرل نوید اشرف، NI (M)، چیف آف دی نیول اسٹاف اور ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، NI (M)، چیف آف دی ائیر سٹاف نے قوم کو یوم آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ دن نہ صرف پاکستان کے قیام کی تاریخی جدوجہد کی یاد دہانی ہے بلکہ اتحاد، لچک اور ایک روشن مستقبل کے لیے ہمارے غیر متزلزل عزم کی علامت بھی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ "ہم اپنے بانیانِ پاکستان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، جنہوں نے قائداعظم محمد علی جناح کی بصیرت انگیز قیادت میں جدوجہدِ آزادی کو کامیابی سے ہمکنار کیا۔ ان کا ناقابل تسخیر جذبہ، پرعزم ارادہ اور بے مثال قربانیاں ہماری رہنمائی کا مینار ہیں۔ آج کا دن ہمیں ان اصولوں کو یاد رکھنے اور ان پر کاربند رہنے کی تلقین کرتا ہے جن پر یہ وطنِ عزیز قائم ہوا۔”
مزید کہا گیا کہ مسلح افواج اُن تمام بصیرت افروز رہنماؤں، سیاستدانوں اور گمنام سپاہیوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہیں جنہوں نے اس قوم کی بنیاد رکھی۔ ان کی میراث کو گہری عقیدت، عزت اور شکرگزاری کے ساتھ یاد کیا جاتا ہے۔
بیان میں اس امر کا اعادہ کیا گیا کہ "بحیثیت محافظینِ وطن، مسلح افواج پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت، اور آئینی دائرہ کار کے اندر ملکی استحکام کو یقینی بنانے کے لیے ہر وقت تیار اور پرعزم ہیں۔ ہم اُن اقدار کی حفاظت کے لیے پرعزم ہیں جو ہمارے قومی تشخص اور نظریہ پاکستان کی اساس ہیں۔”
اعلیٰ عسکری قیادت نے مزید کہا کہ مسلح افواج اور عوام کے درمیان رشتہ صرف اعتماد کا نہیں، بلکہ ایک اٹوٹ بندھن ہے جو ملک کی اجتماعی طاقت کی علامت ہے۔ "ہماری کامیابی، ترقی اور سلامتی عوامی تعاون اور اجتماعی جذبے سے مشروط ہے۔”
اس موقع پر تمام طبقات سے اپیل کی گئی کہ وہ ایمان، اتحاد اور قربانی کے جذبے کے ساتھ آگے بڑھیں اور ایک لچکدار، خوشحال، ترقی یافتہ اور پرامن پاکستان کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لیے مشترکہ جدوجہد کریں۔
بیان کا اختتام ایک پرزور عزم کے ساتھ ہوا:
"یومِ آزادی کے اس تاریخی دن پر، آئیے ہم اس عہد کی تجدید کریں کہ ہم اپنے اسلاف کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے اور پاکستان کو اقوامِ عالم میں ایک باوقار، خودمختار اور ترقی یافتہ ریاست بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔”



