پاکستان پریس ریلیزاہم خبریں

فلسطینی حکومت اور فلسطینی سفیر ڈاکٹر زہیر زید کی جانب سے پرنسپل مسز اسماء عبدالقدوس کھوکھر کے لیے فلسطینی بہن بھائیوں کی "معزز بہن” کے سرکاری خطاب کا اعلان

یہ خطاب میرے لیے نہیں، بلکہ پاکستان کے ہر اس شہری کے لیے ہے جو فلسطینی بچوں کے دکھ میں شریک ہے, پرنسپل مسز اسماء

ڈاکٹر اصغر واہلہ-پاکستان،وائس آف جرمنی اردو نیوز کے ساتھ

فلسطینی حکومت اور پاکستان میں فلسطینی سفیر ڈاکٹر زہیر محمد حمداللہ زید نے ایک اہم اور تاریخی اعلان کرتے ہوئے معروف ماہرِ تعلیم، پرنسپل و پروفیسر مسز اسماء عبدالقدوس کھوکھر کو فلسطینی عوام کی طرف سے "معزز بہن” کے سرکاری خطاب سے نوازا ہے۔ یہ اعلان اسلام آباد میں فلسطینی سفارت خانے میں ایک خصوصی ملاقات کے دوران کیا گیا، جس میں فلسطینی سفیر نے کہا کہ مشکل اور کڑے وقت میں فلسطینی عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرنے والے پاکستانی بھائی بہنوں کا کردار ناقابلِ فراموش ہے۔

تفصیلات کے مطابق، اس موقع پر بین الاقوامی پارلیمنٹیرین صاحب زادہ احمد رضا خان قصوری، ممتاز سماجی رہنما ڈاکٹر عبدالقدوس کھوکھر اور معروف مذہبی شخصیت صاحب زادہ طاہر نادر پر مشتمل ایک اعلیٰ سطحی وفد نے فلسطینی سفیر سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران فلسطین میں جاری انسانی بحران، زخمی بچوں کی بحالی، اور عالمی برادری کی ذمہ داریوں پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

ڈاکٹر زہیر زید نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پرنسپل مسز اسماء عبدالقدوس کھوکھر نے نہ صرف تعلیمی میدان میں نمایاں خدمات انجام دی ہیں بلکہ انہوں نے اپنی ترقی — جب انہیں سکیل 20 میں پروفیسر کے عہدے پر ترقی ملی — کو بھی مظلوم و زخمی فلسطینی بچوں کے نام معنون کرکے ایک لازوال مثال قائم کی ہے۔ ان کے اس جذبے نے پاکستان اور فلسطین کے درمیان اخوت و محبت کے رشتے کو مزید مضبوط کیا ہے۔

سفیر نے مزید کہا کہ فلسطینی حکومت ان پاکستانی شخصیات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے جو انسانیت، امن، اور بھائی چارے کے اصولوں پر قائم رہتے ہوئے فلسطینی عوام کی اخلاقی و مالی معاونت میں پیش پیش ہیں۔ اسی موقع پر سفیرِ فلسطین نے ڈاکٹر ادریس احمد شیخ اور صاحب زادہ طاہر نادر کو فلسطینیوں کے "معزز بھائی” کے سرکاری خطابات دینے کا بھی اعلان کیا، اور ان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام ہمیشہ فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔

پرنسپل مسز اسماء عبدالقدوس کھوکھر نے اس عزت افزائی پر فلسطینی حکومت، سفیرِ فلسطین، اور پوری فلسطینی قوم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ:

"یہ خطاب میرے لیے نہیں، بلکہ پاکستان کے ہر اس شہری کے لیے ہے جو فلسطینی بچوں کے دکھ میں شریک ہے۔ ہم سب کے دل فلسطین کے ساتھ دھڑکتے ہیں، اور جب تک ایک بھی مظلوم بچہ انصاف کا منتظر ہے، ہماری آواز اس کے لیے بلند ہوتی رہے گی۔”

ملاقات کے اختتام پر فلسطینی سفیر نے پاکستان اور فلسطین کے درمیان دوستی و تعاون کے فروغ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تعلیم، صحت، اور انسانی فلاح کے میدانوں میں باہمی اشتراک کو مزید بڑھایا جائے گا۔

یہ اعلان نہ صرف ایک تعلیمی شخصیت کے عالمی سطح پر انسانیت کے لیے خدمات کا اعتراف ہے بلکہ اس امر کا ثبوت بھی ہے کہ فلسطین کے عوام پاکستانی قوم کو اپنے حقیقی دوست اور بھائی سمجھتے ہیں۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button