جی سیون ممالک کا امریکی صدر ٹرمپ کے غزہ منصوبے کی حمایت کا اعادہ
کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند نے جی سیون اجلاس کے بعد نیوز کانفرنس میں غزہ تک بلا روک ٹوک انسانی امداد کی رسائی کے لیے کینیڈا کے مطالبے کو دہرایا
کینیڈا:جی سیون ممالک نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے غزہ منصوبے کی حمایت کا اعادہ کیا ہے ۔کینیڈا میں جی سیون ممالک کے وزرائے خارجہ اجلاس میں غزہ کی صورتحال، یوکرین روس جنگ سمیت دیگر امور پر گفتگو کی گئی۔جی سیون ممالک کے وزرائے خارجہ نے اجلاس کے بعد مشترکہ اعلامیے میں وزرائے خارجہ نے غزہ میں امداد پہنچانے میں رکاوٹوں پر تشویش کا اظہار کیا اور بغیر رکاوٹ بڑے پیمانے پر غزہ میں انسانی امداد کی اجازت دینےکا مطالبہ کیا۔
کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند نے جی سیون اجلاس کے بعد نیوز کانفرنس میں غزہ تک بلا روک ٹوک انسانی امداد کی رسائی کے لیے کینیڈا کے مطالبے کو دہرایا ۔انہوں نے خطے میں امن کے حصول کے لیے امریکہ کی کوششوں کی حمایت کا بھی اظہار کیا ۔ آنند نے کہا مشرق وسطیٰ میں امن اور دیرپا استحکام کی فوری ضرورت ہے۔انہوں نے کہا انسانی ہمدردی کی بنیاد پر غزہ میں امداد کے بلا روک ٹوک اجازت ہونی چائیے ۔ آنند نے مزید کہا کینیڈا مشرق وسطیٰ میں قیام امن کیلئے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔
