
سی سی پی او لاہورکی اہم مقامات کی سکیورٹی ہائی الرٹ کرنے کی ہدایت
بلال صدیق کمیانہ نے فعال حکمت عملی اپنانے اور روزانہ کی بنیاد پر کومبنگ آپریشنز تیز کرنے کی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کے لیے سرچ آپریشنز میں مزید تیزی لائی جائے
سید عاطف ندیم-پاکستان،وائس آف جرمنی اردو نیوز کے ساتھ
سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کی زیر صدارت اقبال ٹاؤن اور صدر ڈویژنز کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں لاء اینڈ آرڈر، سکیورٹی اقدامات اور دیگر اہم امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور امن و امان کی بہتری کے لیے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
سی سی پی او لاہور نے اہم مقامات کی سکیورٹی کو ہائی الرٹ رکھنے اور پولیس دفاتر سمیت تمام حساس مقامات کی سکیورٹی مزید سخت کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر پولیس افسران اور اہلکار ہر وقت الرٹ رہیں۔
بلال صدیق کمیانہ نے فعال حکمت عملی اپنانے اور روزانہ کی بنیاد پر کومبنگ آپریشنز تیز کرنے کی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کے لیے سرچ آپریشنز میں مزید تیزی لائی جائے۔ انہوں نے منشیات فروشوں کے خلاف مسلسل کارروائیوں پر زور دیتے ہوئے آن لائن منشیات فروشی میں ملوث عناصر پر بھی کڑی نظر رکھنے کی تاکید کی۔
سی سی پی او لاہور نے افسران کو ہدایت کی کہ انوسٹی گیشن کے معیار میں بہتری لائی جائے تاکہ ملزمان سزا سے نہ بچ سکیں۔ اجلاس میں ڈی آئی جی ایڈمن عمران کشور، ڈی آئی جی انوسٹی گیشن ذیشان رضا، ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران، ایس ایس پی انوسٹی گیشن محمد نوید اور ایس ایس پی آپریشنز تصور اقبال نے شرکت کی، جبکہ دونوں ڈویژنز کے ایس پیز، اے ایس پیز، سرکل افسران، ایس ایچ اوز اور انچارجز انوسٹی گیشن بھی اجلاس میں موجود تھے۔



