
فتنہ خان کو ”بابائے آف شور کمپنیز” ہوتے ہوئے بھی صادق اور امین قرار دیا گیا: عظمیٰ بخاری
اڈیالہ جیل کا قیدی الطاف حسین پارٹ ٹو بن چکا ہے.اب بانی پی ٹی آئی اور پاکستان ایک ساتھ نہیں چل سکتے.اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی کا طبی معائنہ کرانا چاہیے تاکہ ذہنی کیفیت کا جائزہ لیا جا سکے: عظمی بخاری
انصار ذاہد.پاکستان،وائس آف جرمنی اردو نیوز کے ساتھ
وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ اڈیالہ جیل کا قیدی اب ”الطاف حسین پارٹ ٹو“ بن چکا ہے، جبکہ فتنہ خان کو ”بابائے آف شور کمپنیز“ ہوتے ہوئے بھی صادق اور امین قرار دیا گیا جو خود ایک سنگین سوال ہے۔ انہوں نے پاک بھارت جنگ کے دوران بانی پی ٹی آئی کی خاموشی کو ملک دشمنی کے مترادف قرار دیتے ہوئے کہا کہ اب بانی پی ٹی آئی اور پاکستان ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔ عظمیٰ بخاری نے مطالبہ کیا کہ اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی کا فوری طبی معائنہ کرایا جائے تاکہ ان کی ذہنی کیفیت کا درست جائزہ لیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ایمنسٹی انٹرنیشنل کے مطابق خیبر پختونخوا میں صحت کا شعبہ ملک کا سب سے کرپٹ ترین شعبہ ہے، اور یہ صورتحال اس وقت ہے جب وہاں سکول اور ہسپتال ہی موجود نہیں —اگر یہ ادارے موجود ہوتے تو کرپشن کا عالم خدا ہی جانتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب اسمبلی کے باہر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی اور اس کا ایٹمی پروگرام پوری قوم کی ریڈ لائن ہیں، اور ان پر انگلی اٹھانے والوں کو یہ حقیقت اچھی طرح سمجھ لینی چاہیے کہ اس پر کسی صورت کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت میں پاکستان عالمی تنہائی سے نکل رہا ہے، جو بانی پی ٹی آئی کے لیے بری خبر ہے۔ بانی پی ٹی آئی نے ملک کے لیے عالمی تنہائی پیدا کی اور یہ جہاں بھی گیا، اسی ملک کی بدتعریفی کرنا شروع کر دیتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک قائم پروپیگنڈہ سیل کے ذریعے فوج اور ریاستی اداروں کے سربراہان کے خلاف منظم مہم چلائی گئی، جبکہ پاک بھارت جنگ کے دوران پی ٹی آئی کی قیادت نے مکمل خاموشی اختیار کیے رکھی، جو قومی مفاد کے خلاف تھا۔ پنجاب میں شفافیت اور احتساب کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ حکومت نے ای ٹینڈرنگ اور جدید گورننس ماڈل متعارف کروا کر تمام ٹھیکوں میں وسیع اصلاحات کی ہیں، جس سے گورننس میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے خیراتی فنڈز کو جوئے اور غیر قانونی سرمایہ کاری میں استعمال کیا، جبکہ ٹرانسپرینسی انٹرنیشنل کی رپورٹ کے مطابق ن لیگ کی حکومت میں پاکستان میں کرپشن میں کمی آئی ہے اور سرکاری اداروں میں رشوت کا رحجان نہیں پایا گیا۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی مسلسل فوج کو سیاست میں دھکیلنے کی کوشش کر رہی ہے۔ عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی اور اس کے ساتھی ملک دشمن پروپیگنڈے میں مصروف ہیں۔ پی ٹی آئی کے اندر بھی متعدد افراد اس کی سوشل میڈیا پالیسیوں سے تنگ آ چکے ہیں۔انسٹیٹیوشنل سپورٹ اور جدید آلات کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ پنجاب پولیس کو دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے جدید سازوسامان فراہم کیا گیا ہے، اور کسی بھی قسم کی ملک دشمن سرگرمی یا اداروں کے سربراہان پر حملہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنس سے ان کی دم پر پاؤں آ رہا ہے۔ ایک ایسا سائنسدان جسکو پوری دنیا مانتی ہے پی ٹی آئی کی جانب سے ان کے خلاف گھٹیاں کمپین چلائی گئی۔ بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کا کام اس سے ملاقات کرنا نہیں بلکہ ٹویٹر کیلئے ڈکٹیشن لینا ہوتا ہے۔ انڈین میڈیا پر بانی پی ٹی آئی کی بہنوں اور سہیل آفریدی کو ہی دکھایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی اداروں اور شہدا کے خلاف پروپیگنڈہ نہ سیاسی اختلاف ہے نہ تنقید—بلکہ یہ سنگین ملک دشمنی ہے۔ یہ ہیں کون جو نو مئی کو آگ لگائیں، شہداء کی یادگاروں کو جلائیں، ملک کے خلاف سازشیں کریں، ملک کو ڈیفالٹ کرنے کیلئے آئی ایم ایف کو خط لکھیں اور ملک کے خلاف پراکسیز کو سپورٹ کریں۔انہوں نے کہا کہ آئین کی شقوں کا سبق پڑھانے والے خود آرٹیکل 6 کے مرتکب ہوئے ہیں، اور اگر پی ٹی آئی اپنی روش سے باز نہ آئی تو پابندی یا گورنر راج جیسے آپشنز پر بھی غور کیا جا سکتا ہے۔ آخر میں وزیر اطلاعات نے واضح کیا کہ پاکستان کی سلامتی، خوشحالی اور ایٹمی پروگرام پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، اور کسی کو بھی ملکی ریڈ لائن عبور کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اداروں کا احترام اور ملکی استحکام ہر محب وطن شہری کی ذمہ داری ہے، اور پاکستان کی سلامتی و ترقی کو ڈی ریل کرنے کی اجازت کسی کو نہیں دی جائے گی۔



