پاکستانتازہ ترین

یومِ حقِ خودارادیت: وزیراعظم شہباز شریف کا کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی، عالمی برادری سے مؤثر کردار ادا کرنے کا مطالبہ

بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام گزشتہ تقریباً آٹھ دہائیوں سے بھارتی قابض افواج کے جبر، تشدد اور منظم انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سامنا کر رہے ہیں۔

پیغام وزیر اعظم ہائوس سے

وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان محمد شہباز شریف نے یومِ حقِ خودارادیت کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں غیر قانونی طور پر بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر (IIOJK) کے عوام کی حقِ خودارادیت کے لیے جاری جدوجہد کی بھرپور، غیر متزلزل اور اصولی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کشمیری عوام کے جائز حق کے لیے ہر عالمی فورم پر ان کی آواز بنتا رہے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پانچ جنوری کا دن عالمی برادری کو اس تاریخی وعدے کی یاد دہانی کراتا ہے جو اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے ذریعے کشمیری عوام سے کیا گیا تھا۔ انہوں نے یاد دلایا کہ 5 جنوری 1949 کو اقوامِ متحدہ کے کمیشن برائے بھارت و پاکستان (UNCIP) نے ایک تاریخی قرارداد منظور کی تھی، جس کے تحت ریاست جموں و کشمیر کے حتمی مستقبل کا فیصلہ اقوامِ متحدہ کی نگرانی میں آزادانہ، منصفانہ اور غیر جانبدارانہ رائے شماری کے ذریعے ہونا تھا، تاہم بھارت کے غیر قانونی قبضے کے باعث یہ وعدہ آج تک وفا نہ ہو سکا۔

اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام گزشتہ تقریباً آٹھ دہائیوں سے بھارتی قابض افواج کے جبر، تشدد اور منظم انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر شدید تشویش کا اظہار کیا کہ 5 اگست 2019 کے بعد بھارت کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات نے کشمیری عوام کی مشکلات میں کئی گنا اضافہ کر دیا ہے اور یہ اقدامات علاقے کے آبادیاتی اور سیاسی تشخص کو تبدیل کرنے کی منظم کوشش کا حصہ ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بھارتی حکام نے کشمیری عوام کی حقیقی سیاسی قیادت کو خاموش کرانے، آزادیٔ اظہار پر قدغن لگانے اور آزاد میڈیا کو دبانے کے لیے سخت اقدامات کیے ہیں۔ ہزاروں کشمیری سیاسی کارکن آج بھی مختلف جیلوں میں قید ہیں جبکہ سولہ سے زائد سیاسی جماعتوں اور تنظیموں پر پابندیاں عائد کی جا چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بے گناہ کشمیریوں کی پروفائلنگ، ہراسانی، من مانے حراستی اقدامات اور نام نہاد “کارڈن اینڈ سرچ” آپریشنز مقبوضہ علاقے میں معمول بن چکے ہیں۔

وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بھارتی جبر و تشدد کے باوجود کشمیری عوام کے حوصلے اور حقِ خودارادیت کی جدوجہد کو دبایا نہیں جا سکا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام کشمیری عوام کی بے مثال جرأت، استقامت اور قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں جو اپنے جائز حق کے لیے ڈٹے ہوئے ہیں۔

انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اس حقیقت کو تسلیم کرے کہ مسئلہ جموں و کشمیر کا منصفانہ اور پائیدار حل ہی جنوبی ایشیا میں دیرپا امن و استحکام کی واحد ضمانت ہے۔ وزیراعظم نے مطالبہ کیا کہ بین الاقوامی برادری بھارت کو فوری طور پر بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری سنگین انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خاتمے، 5 اگست 2019 کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کی واپسی، جابرانہ قوانین کے خاتمے اور اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو حقِ خودارادیت دینے پر آمادہ کرے۔

اپنے پیغام کے اختتام پر وزیراعظم شہباز شریف نے کشمیری عوام کو یقین دلایا کہ پاکستان ان کے جائز حق کے لیے اپنی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت پوری قوت کے ساتھ جاری رکھے گا اور ہر دستیاب عالمی فورم پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرتا رہے گا۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button