
پاک فوج کے تعاون سے گوادر یونیورسٹی کے طلبہ کا کراچی مطالعاتی دورہ کامیابی سے مکمل
علمی آگاہی کے فروغ کے لیے طلبہ کو جامعہ کراچی کا دورہ کرایا گیا، جہاں انہیں اعلیٰ تعلیمی ماحول، تحقیقی رجحانات اور تدریسی نظام سے واقفیت حاصل ہوئی
انصار ذاہدسیال.وائس آف جرمنی اردو نیوزکے ساتھ
کراچی: پاک فوج کی جانب سے گوادر یونیورسٹی کے طلبہ و طالبات کے لیے کراچی کا مطالعاتی دورہ کامیابی سے مکمل ہو گیا۔ اس دورے کا مقصد طلبہ کو تعلیمی، دفاعی اور عملی مشاہدات فراہم کرنا تھا تاکہ ان کے علم اور فہم میں اضافہ ہو سکے۔
دورے کے دوران طلبہ نے مزارِ قائد کا دورہ کیا جہاں انہیں بانیٔ پاکستان کی جدوجہد اور قومی تاریخ سے آگاہی حاصل ہوئی۔ بعد ازاں طلبہ کو پاکستان ایئر فورس میوزیم لے جایا گیا جہاں انہیں پاک فضائیہ کی تاریخ، پیشہ ورانہ خدمات اور دفاعی کردار سے متعلق آگاہ کیا گیا۔
طلبہ نے پاکستان میری ٹائم میوزیم کا بھی دورہ کیا، جہاں انہیں بحری اُمور کی اہمیت اور پاک بحریہ کے کردار پر جامع بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر سمندری دفاع اور بحری سلامتی کے مختلف پہلوؤں سے بھی آگاہی فراہم کی گئی۔علمی آگاہی کے فروغ کے لیے طلبہ کو جامعہ کراچی کا دورہ کرایا گیا، جہاں انہیں اعلیٰ تعلیمی ماحول، تحقیقی رجحانات اور تدریسی نظام سے واقفیت حاصل ہوئی۔
سماجی اور تفریحی سرگرمیوں کے تحت طلبہ کو بحریہ ٹاؤن، ایفل ٹاور اور کارنیول پارک کے دورے بھی کرائے گئے، جس سے طلبہ کو ذہنی تازگی اور مثبت تجربہ حاصل ہوا۔مطالعاتی دورے کے اختتام پر گوادر یونیورسٹی کے طلبہ نے پاک فوج کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس دورے نے ان کے علم، سوچ اور اعتماد میں اضافہ کیا ہے اور ہمیں اپنی فوج پر فخر ہے۔



